حفیظ کا ایکشن ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ

19 نومبر 2014
محمد حفیظ۔ فائل فوٹو اے ایف پی
محمد حفیظ۔ فائل فوٹو اے ایف پی

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے آل راؤنڈر محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا ہے اور وہ 23 نومبر کو انگلینڈ روانہ ہوں گے۔

ترجمان پی سی بی کے مطابق متحدہ عرب امارات میں موجود محمد حفیظ آج رات لاہور پہنچ رہے ہیں جس کے بعد انہیں انگلینڈ بھیجا جائیگا۔

واضح رہے کہ نیوزی لینڈ کیخلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن رپورٹ کیا گیا تھا جبکہ اس سے قبل ہندوستان میں کھیلی گئی چیمپیئنز لیگ میں بھی امپائرز نے ان کا ایکشن مشکوک رپورٹ کیا تھا۔

آل راونڈر کے باؤلنگ ایکشن کا تفصیلی معائنہ 24 نومبر کو لاف برو برمنگھم میں آئی سی سی کی ایکریڈیشن فسیلیٹی میں ہوگا۔

دوسری جانب چیف سیلٹر معین خان کا کہنا ہے کہ آل راونڈر فزیکلی فٹ ہوئے تو انہیں تیسرے ٹیسٹ میچ میں کھلایا جاسکتا ہے۔

یاد رہے کہ حفیظ انجری کے باعث نیوزی لینڈ کے خلاف دبئی میں کھیلے جا رہے دوسرے ٹیسٹ میچ میں شرکت نہیں کر سکے تھے۔

معین خان نے کہا کہ اگر حفیظ کا ایکشن کلیئر اور وہ فٹ ہوگئے تو وہ 25 نومبر کو واپس دبئی پہنچ جائیں گے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان سیریز کے تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کا آغاز 28 نومبر سے شارجہ میں ہو گا۔

تبصرے (0) بند ہیں