متنازع تصویر: کرینہ کی سکیورٹی میں اضافہ

22 جنوری 2015
کرینہ کپور—۔فوٹو/ بشکریہ این ڈی ٹی وی
کرینہ کپور—۔فوٹو/ بشکریہ این ڈی ٹی وی

دائیں بازو کی ہندو تنظیم وشوا ہندو پریشد (وی ایچ پی) کی جانب سے بولی وڈ اداکارہ کرینہ کپور کی ایک متنازع تصویر شائع ہونے کے بعد اداکارہ کی سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

وی ایچ پی نے ایک تصویر شائع کی تھی جس میں اداکارہ کا آدھا چہرہ نقاب میں چھپایا گیا جبکہ آدھے بے نقاب حصے پر پر بندی اور سیندور لگا نظر آرہا ہے۔

ہندوستان کے مقامی ٹی وی چینل این ڈی ٹی وی کی ایک رپورٹ کے مطابق نام نہاد 'لَو جہاد' کے خلاف ایک انتباہ کے طور پر اس تصویر کے سامنے آنے کے دو ہفتے بعد کرینہ کپور کی ذاتی سکیورٹی میں اضافہ کیا گیا ہے۔

رپورٹس کے مطابق ٹوئٹر پر سامنے آنے والی اس تصویر کو ہندو تنظیم وی ایچ پی کے خواتین سیل نے ایک میگزین میں شائع کیا جس کا مقصد ہندو لڑکیوں کی مسلمان لڑکوں سے شادی کے رجحان کی روک تھام کرنا ہے۔

وی ایچ پی کے میگزین کور پر شائع کی گئی کرینہ کپور کی تصویر ، جسمیں ان کا آدھا چہرہ نقاب میں چھپا ہوا ہے۔
وی ایچ پی کے میگزین کور پر شائع کی گئی کرینہ کپور کی تصویر ، جسمیں ان کا آدھا چہرہ نقاب میں چھپا ہوا ہے۔

وی ایچ پی میگزین کے رجنی ٹھکرال کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ انڈیا کے نوجوان کرینہ جیسے لوگوں سے متاثر ہو رہے ہیں۔

ذرائع کے مطابق مذہبی جماعتوں سے دھمکیاں ملنے کے بعد کرینہ نے اپنی سکیورٹی میں مزید اضافہ کردیا ہے۔

مزید پڑھیں:مسلمان سے شادی پر بولی وڈ اداکارہ نشانے پر

این ڈی ٹی وی لکھتا ہے کہ ' لَو جہاد' کی بحث نے کرینہ کو اپنی سکیورٹی کے حوالے سے تحفظات میں مبتلا کردیا ہے اور آج سے پہلے سوائے چند ایک اداکاروں کے انھوں نے کبھی بھی اپنے لیے اتنی زیادہ سکیورٹی کی ضرورت محسوس نہیں کی تھی۔

دوسری جانب کچھ ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کرینہ کی زندگی کو سنگین خطرات لاحق نہیں اور سکیورٹی میں اضافہ احتیاطی تدابیر کے طور پر کیا گیا ہے۔

ہندو خاندان سے تعلق رکھنے والی کرینہ کپور نے بولی وڈ کے مسلمان اداکار سیف علی خان سے شادی کرنے کے بعد اسلام تو قبول نہیں کیا مگر اپنے نام کے آخر میں خان کا اضافہ ضرور کرلیا۔

وشوا ہندو پریشد کا کہنا ہے کہ اگر کرینہ کپور خان کو اس تصویر کی ایڈیٹنگ پر اعتراض ہے تو وہ عدالت سے رجوع کرسکتی ہیں۔ 'ہم تو اسے 'لَو جہاد' کے خلاف استعمال کررہے ہیں'۔

اس حوالے سے کرینہ کپور کی جانب سے کوئی ردعمل موصول نہیں ہوا، تاہم انڈین ایکسپریس کے مطابق کرینہ کے شوہر سیف علی خان نے اکتوبر 2014 میں کہا تھا کہ جب ان دونوں نے شادی کی تو اُس وقت بھی انھیں قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔

تبصرے (0) بند ہیں