’اچھا ہوا ہندوستان فائنل میں نہیں پہنچا‘

31 جنوری 2015
ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی۔ فائل فوٹو اے ایف پی
ہندوستانی ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی۔ فائل فوٹو اے ایف پی

ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان سارو گنگولی نے کہا ہے کہ ہندوستانی ٹیم کی موجودہ خراب فارم اور بدترین کارکردگی کو مدنظر رکھتے ہوئے وہ ایونٹ کی دفاعی چیمپیئن دکھائی نہیں دیتی۔

جمعہ کو سہ ملکی سیریز میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کھانے کے بعد ہندوستانی ٹیم فائنل کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔

سیریز میں ہندوستانی بلے بازوں کی کارکردگی واجبی سی رہی اور انہیں آسٹریلین وکٹوں پر کھیلنے میں شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔

گنگولی نے کہا کہ سہ ملکی سیریز میں انگلینڈ کے خلاف ایک بار پھر ہندوستانی ٹیم ناکام ہوئی اور 200 رنز ہی بنا سکی، میں محسوس کرتا ہوں کہ کھلاڑیوں بیگ پیک کر کے گھر آ جائیں تاکہ وہ تازہ دم ہو کر ورلڈ کپ میں شرکت کر سکیں۔

ہندوستانی ٹیم کے لیے طویل دورہ آسٹریلیا کسی ڈراؤنے خواب سے کم نہیں جہاں وہ کوئی بھی فتح حاصل کرنے میں ناکام رہے۔

پہلے چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انہیں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تو سہ ملکی سیریز کے چار میں سے تین میچوں میں انہیں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوا۔

گنگولی نے ہندوستانی ٹیم کے فائنل میں نہ پہنچنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اچھا ہوا انڈیا فائنل میں نہیں پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ اس ٹیم کو آرام کی ضرورت ہے، یہ طویل دورہ ہے اور اب وقت ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں شرکت سے قبل اپنے اہلخانہ سے ملاقات کریں۔

’اگر میرے بس میں ہوتا تو کچھ کھلاڑیوں کو وطن واپس بھیج دیتا‘۔

ہندوستانی کپتان مہندرا سنگھ دھونی نے میچ کے بعد پریس کافرنس سے خطاب کرتے ہوئے گنگولی کی بات سے اتفاق کیا اور کہا کہ ہم دس دن کا وقفہ لیں گے اور تازہ دم ہونے کی کوشش کریں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں