کراچی: پاکستان کی غیر معیاری پرفارمنس کے باوجود سابق کپتان محمد یوسف پر امید ہیں کہ قومی ٹیم ورلڈ کپ کے کواٹر فائنلز مرحلے میں ضرور رسائی حاصل کر لے گی۔

منگل کو جنوبی افریقہ کی آئر لینڈ کے خلاف 201 رنز سے کامیابی کے بعد بیٹنگ لیجنڈ نے کہا کہ چیزیں مصباح الحق الیون کے حق میں جانے لگی ہیں۔

انڈیا اور ویسٹ انڈیز سے ہارنے کے بعد پاکستان نے اتوار کو زمبابوے کے خلاف میگا ایونٹ کا پہلا میچ جیتا ہے۔

بدھ کو یو اے ای سے مقابلے کے بعد پاکستان کو جنوبی افریقہ اور آخر میں آئرلینڈ سے اہم میچ کھیلنا ہیں۔

یوسف نے ایک انٹرویو میں کہا 'میرے خیال میں پاکستان کواٹر فائنلز میں پہنچ جائے گا۔

انہوں نے ناک آؤٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان 21 مارچ کو میچ کی پیش گوئی بھی کی۔

دلچسپ تاریخ ہے کہ یوسف 2007 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے ہاتھوں اپ سیٹ شکست کھانے والی پاکستان ٹیم میں شامل تھے۔

'ہم 2007 ، جمیکا کے سبین پارک میں بارش اور پچ کی وجہ سے آئرلینڈ سے ہارے۔ اُس میچ میں گیند سوئنگ کر رہی تھی اور ہماری بیٹنگ ناکام رہی'۔

یوسف کا ماننا ہے کہ کوالی فائنگ راؤنڈ کیلئے اگر آئرلینڈ سے میچ جیتنا ضروری ہو گیا تو پاکستان جی جان سے مقابلہ کرے گا۔

'آخری پول میچ ایڈیلیڈ، اوول کی اچھی بیٹنگ وکٹ پر ہو گا اور ایسے میں مجھے نہیں لگتا کہ آئرلینڈ پاکستان کے لیے کوئی مشکل کھڑی کرے'۔

یوسف کہتے ہیں کہ پلیئنگ الیون میں وکٹ کیپر سرفراز احمد کو نہ کھیلانے پر وہ انتہائی حیران ہیں۔

'سرفراز کو نہ کھیلانا حیران کن ہے کیونکہ اس وقت ٹیم میں وہ واحد دلیربلے باز ہیں '۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ ورلڈ کپ میں مشکل وقت دیکھنے کے بعد پاکستان کی بیٹنگ پرفارم کرنے لگے گی۔

'ہمارے پاس اچھے بلے باز ہیں، لیکن انہیں ذمہ داری اٹھاتے ہوئے بورڈ پر بڑے سکور لگانے ہوں گے'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں