'حکومت جوڈیشل کمیشن فوراً تشکیل دے'

اپ ڈیٹ 29 مارچ 2015
پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے بعد بھی حکومت کمیشن تشکیل دینے کے لیے بظاہر سنجیدہ نہیں ہے— فوٹو ڈان نیوز اسکرین گریب
پی ٹی آئی رہنما میاں محمود الرشید کا کہنا تھا کہ ایک ہفتے بعد بھی حکومت کمیشن تشکیل دینے کے لیے بظاہر سنجیدہ نہیں ہے— فوٹو ڈان نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما میاں محمودالرشید نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن کے قیام میں تاخیر سے سوالات جنم لے رہے ہیں۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'فیصلہ عوام کا' میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کا رویہ بظاہر سنجیدہ نہیں ہے، اسے چاہیے کہ وہ جلد از جلد کمیشن کی تشکیل کے لیے اقدامات اٹھائے۔

دو روز قبل عمران خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ حکومت تحریک انصاف کے ساتھ کیے گئے معاہدے میں تبدیلی کرنے جا رہی ہے اور اگر ایسا کیا گیا تو سڑکوں پر نکلیں گے۔

محمود الرشید نے اس حوالے سے کہا کہ عمران خان کے علم میں یہ بات آئی ہے کہ حکومت معاہدے میں تبدیلی کی کوشش کر رہی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عین اس وقت جب جوڈیشل کمیشن بننے جارہا ہے اور عمران خان کی ٹیپ سامنے آنا اس معاملے میں شکوک و شبہات پیدا کر رہا ہے۔

اس موقع پر پروگرام میں موجود مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللہ نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس معاہدے میں کسی قسم کی تبدیلی نہیں کی جا رہی۔

ان کا کہنا تھا کہ جب دونوں جماعتیں جوڈیشل کمیشن کے قیام پر متفق ہوئیں تھیں تو اس ڈرافٹ کی کاپی میڈیا کو بھی فراہم کی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں