کشمیر:ضمنی الیکشن میں پی ٹی آئی کے سلطان محمود کامیاب

29 مارچ 2015
بیرسٹر سلطان محمود۔ — فائل فوٹو
بیرسٹر سلطان محمود۔ — فائل فوٹو

مظفر آباد:پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما بیرسٹر سلطان محمود نے آزاد جموں و کشمیر کے ایک ضمنی الیکشن میں پاکستان پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اشرف کو شکست دے دی۔

آزاد و جموں کشمیر کےچیف الیکشن کمشنر جسٹس منیر احمد چوہدری نے ڈان۔ کام کو بتایا کہ تمام 111 پولنگ سٹیشنوں کے غیر سرکاری نتائج کے مطابق سلطان محمود نے 15485 جبکہ چوہدری اشرف نے 12559 ووٹ حاصل کیے۔

چوہدری اشرف کو پاکستان مسلم لیگ نواز کی حمایت بھی حاصل رہی جس نے آخری لمحات میں اپنا امیدوار بیٹھا دیا تھا۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا 'رینجرز اہلکاروں کی تعیناتی کی وجہ سے پولنگ پر امن ماحول میں ہوئی'۔

انہوں نے انتہائی اہم حلقے میں امن و امان کی اچھی صورتحال برقرار رکھنے پرمقامی انتظامیہ اور پولیس کو بھی سراہا۔

سلطان محمود نے پانچ فروری کو پی ٹی آئی میں شمولیت سے ایک دن پہلے کشمیر اسمبلی کے اس حلقے سے استعفی دے دیا تھا۔

الیکشن شیڈول کا اعلان ہونے کے بعد سے آزاد کشمیر کے وزیر اعظم چوہدری عبدالمجید اور ان کے وزراء نے میرپور کے اس حلقے میں ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے کیمپ لگا لیے تھے۔

اطلاعات کے مطابق سابق صدر آصف علی زرداری نے نواز شریف سے حمایت کی درخواست کی تھی جس کے بعد جمعہ کو ایک ڈرامائی پیش رفت میں ن لیگ نے پی پی پی کے چوہدری اشرف کے حق میں اپنے امید وار کو بیٹھا دیا۔

تاہم، یہ حکمت عملی ناکام ثابت ہوئی اور ن لیگ کے کارکنوں نے چوہدری اشرف کو ووٹ نہیں دیا جس کا فائدہ بلاآخر پی ٹی آئی کے سلطان محمود کو پہنچا۔

سلطان محمود کو کامیاب ہوتا دیکھ کر ہزاروں لوگ میاں محمود روڈ پر الیکشن آفس کے باہر آمڈ آئے اور فتح کا جشن منانا شروع کر دیا۔

سلطان محمود نے میر پور کی عوام کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا 'ہم نے ایک گیند پر دو وکٹیں اڑا دیں'۔

انہوں نے کہا کہ آئندہ دنوں میں پی ٹی آئی کے کارکنوں کو بہت سے اچھی خبریں سننے کو ملیں گی۔

سلطان محمود کے ایک قریبی ساتھی نے ڈان۔ کام کو بتایا کہ عمران خان نے بھی فون پر انہیں کامیابی کی مبارک باد دی ہے۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Mar 30, 2015 12:43am
یہ دراصل چودھری سلطان محمود کی جیت ھے یہ ان کا ابائی حلقہ ھے جب سے انہوں نے الیکشن میں حصہ لیا ھے ھمیشہ جیت حاصل کی ھے یہ پی ٹی آئی.کی جیت کم از کم نہیں چودھری اگر ازاد بھی کھڑا ھوتا تو بھی جیت انکی ھوتی ان کےپاس بے حد پیسہ ھے اس حلقہ سے انکو کوئی نہیں ہرا سکتا