انڈیا: 5000 سال پرانے انسانی ڈھانچے دریافت
نئی دہلی: شمالی ہندوستان کے ایک قدیم گاؤں سے تقریباً 5000 ہزار پرانے چار مکمل انسانی ڈھانچے دریافت ہوئے ہیں۔
ہندوستان اور جنوبی کوریا سے ماہرین آثار قدیمہ کی ٹیمیں 2012 سے ریاست ہریانہ کے اس گاؤں میں کھدائی کا کام جاری رکھے ہوئے تھیں۔
اس مقام کے بارے میں خیال کیا جاتا ہے کہ یہاں قدیم وادی سندھ (انڈس ویلی) کی تہذیب موجود تھی۔
پراجیکٹ کے شریک ڈائریکٹر نیلیش یادو نے ہندوستان ٹائمز کو بتایا کہ دو مردوں، ایک عورت اور ایک بچے کے ڈھانچے کے علاوہ گاؤں کے قبرستان سے دریافت ہونے والی کچھ اشیاء سے معلوم ہوتا ہے کہ یہاں کے لوگ دوبارہ جنم لینے پر یقین رکھتے تھے۔
یادیو نے بتایا کہ انہیں ڈھانچوں کے قریب یا اطراف میں چوڑیاں اور گندم اور کھانے کے مرتبان بھی ملے جس سے ہم نے یہ نتیجہ اخذ کیا کہ وہ دوبارہ دوسرے جسم میں جنم لینے پر یقین رکھتے تھے۔
محققین میں شامل ملاویکا چیٹرجی نے بتایا کہ انہیں کھدائی کے دوران کھلونے بھی ملے۔
برصغیر میں پانچ ہزار سال پرانی وادی سندھ یا ہڑپہ تہذیب کو سب سے قدیم شہری کلچر تصور کیا جاتا ہے۔
پریس ٹرسٹ آف انڈیا نے بتایا کہ ہریانہ کے ضلع حصار میں 50 ایکڑ پر پھیلی اس سائیٹ پر مزید کام جاری ہے۔ اے ایف پی












لائیو ٹی وی