مارگلہ میں آگ لگاکر ویڈیوز بنانے پر ٹک ٹاکر کو قانونی کارروائی کا سامنا

ماڈل کے خلاف قانونی کارروائی کی شکایت درج کروادی گئی—اسکرین شاٹ
ماڈل کے خلاف قانونی کارروائی کی شکایت درج کروادی گئی—اسکرین شاٹ

مبینہ طور پر مارگلہ پہاڑیوں اور جنگلات میں آگ لگاکر شہرت کے لیے ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والی خاتون ٹک ٹاکر کو قانونی کارروائی کا سامنا ہے۔

خاتون ٹک ٹاکر حمیرا اصغر المعروف ڈولی آفیشل کی مختصر ٹک ٹاک ویڈیو دو دن قبل سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی، جس پر انہیں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

مختصر ویڈیو میں ٹک ٹاکر کو ’پسوڑی‘ گانے پر آگ کے سامنے انداز دکھاتے ہوئے دیکھا جا سکتا تھا۔

مذکورہ ویڈیو مبینہ طور پر مارگلہ پہاڑیوں کے سلسلے میں شوٹ کی گئی، جہاں موجود درختوں اور جھاڑیوں کو آگ بھی لگائی گئی۔

ٹک ٹاکر کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد اسلام آباد میں وائڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی چیئرپرسن رعنا سعید خان ستی نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ویڈیو بنانے والی ٹک ٹاکر کے خلاف قانونی کارروائی کا عندیہ دیا۔

انہوں نے ٹک ٹاکر کی ویڈیو کو ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستانی لوگ صرف فالوورز بڑھانے کے لیے جنگلات میں آگ لگا رہے ہیں جب کہ آسٹریلیا میں ایسی حرکت کرنے پر عمر قید کی سزا ملتی ہے۔

انہوں نے لکھا کہ پاکستان میں پہلے ہی گرم موسم چل رہا ہے اور اوپر سے ٹک ٹاکرز فالوورز بڑھانے کے چکر میں جنگلات میں آگ لگانے میں مصروف ہیں۔

علاوہ ازیں انہوں نے اپنی ایک اور ٹوئٹ میں پولیس کو ٹک ٹاکر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی درخواست کی کاپی بھی شیئر کی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے ٹک ٹاکر ڈولی کے خلاف تھانہ کوہسار میں انوائرومینٹل پروٹیکشن، وائلڈ لائف ایکٹ، لینڈ اسکیب ایکٹ اور تعزیرات پاکستان کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ دائر کرنے کی درخواست دے دی۔

اپنی درخواست میں انہوں نے لکھا کہ مبینہ طور پر ماڈل نے مارگلہ پہاڑیوں کے آگ لگائی، جس سے چرند و پرند مشکلات میں آئے اور اس سے ماحول کو بھی نقصان پہنچا۔

علاوہ ازیں مارگلہ جنگلات میں آگ لگاکر ویڈیو بنانے پر شائقین نے بھی ماڈل کو تنقید کا نشانہ بنایا اور ان کے خلاف سخت قانونی کارروائی کا اعلان کیا۔

دوسری جانب ٹک ٹاکر کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹک ٹاک انتظامیہ نے واضح کیا کہ سوشل شیئرنگ ایپلی کیشن انتظامیہ اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہی ہے کہ ایپ پر کسی بھی مجرمانہ فعل کی ویڈیوز شیئر نہ کی جا سکیں اور

ادھر ٹک ٹاکر نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انہوں نے مارگلہ پہاڑیوں میں آگ نہیں لگائی، تاہم انہوں نے اس حوالے سے مزید کوئی وضاحت نہیں کی۔

ڈولی آفیشل کے ٹک ٹاک پر سوا کروڑ فالوورز ہیں اور ان کی ویڈیوز کو کافی پسند کیا جاتا ہے، وہ بولڈ ویڈیوز بنانے کے حوالے سے بھی شہرت رکھتی ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Mukhtar May 18, 2022 07:01pm
She has done a humongous crime by not only putting a fire on the people’s property ruining and burning the valuable forest which are lungs for our environment. She is also criminally responsible for putting her video on social media to spread her wrong doings. She should be put behind the bars immediately and a case should be registered against her. Thanks, Mukhtar