'میرا خواب نئے کراچی کے بغیر مکمل نہیں ہوسکتا'

اپ ڈیٹ 19 اپريل 2015
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ۔۔۔ فوٹو: ڈان نیوز اسکرین گریب
چیئرمین تحریک انصاف عمران خان ۔۔۔ فوٹو: ڈان نیوز اسکرین گریب

کراچی : تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے نئے کراچی کو تشکیل دینے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میرا خواب اس شہر کے بغیر پورا نہیں ہوسکتا۔

کراچی سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 246 میں ضمنی انتخابات کے حوالے سے شاہراہ پاکستان پر جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ مجھے ایک نشست کے لیے کراچی آنے کی ضرورت نہیں تھی، میں یہاں وزیراعظم کی کرسی لینے نہیں آیا بلکہ ہم نیا کراچی بنانا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس الیکشن میں کامیابی سے پارلیمنٹ میں ہمیں کوئی فائدہ نہیں ہوگا تاہم اس طرح نئے پاکستان کی بنیاد رکھی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ 1985 کے بعد مہاجروں کے نام پر بندوق کی سیاست شروع ہوئی اور روشنیوں کا شہر لسانیت کی نذر ہوگیا، الطاف بھائی سن رہے ہیں تو مائنڈ کریں کیونکہ ہم سچ بول رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام 23 اپریل کو نئے پاکستان اور نئے کراچی کے لیے ووٹ ڈالیں۔

عمران خان نے ایک بار پھر کہا کہ 2015 الیکشن کا سال ہے اور جوڈیشل کمیشن کے نتائج کے بعد جو انتخابات ہوں گے اس میں پی ٹی آئی کامیابی حاصل کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ لیڈر باہر اور پارٹی کے حکومت میں ہونے کی مثال دنیا میں کبھی نہیں ملتی، سمجھ نہیں آتا کہ پڑھے لکھے لوگ الطاف حسین کی تقریر کیسے سنتے ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ میں نے جتنے خواب دیکھے وہ پورے ہوئے، کراچی میں امن نہیں ہوگا تو ملک ترقی نہیں کرسکتا۔

اس سے قبل بجلی نے عمران خان کے جلسے کے رنگ میں بھنگ ڈال دیا اور تحریک انصاف کے جلسے کے لیے لگایاگیا جنریٹر کپتان کی انٹری کےساتھ ہی جواب دے گیا۔

بجلی بند ہوئی تو نہ صرف اسٹیج اندھیرے میں ڈوبا بلکہ روشنیوں سے جگمگاتا پورا پنڈال تاریک ہوگیا۔

صرف اسی پربس نہیں عوام سے خطاب کے لیے ڈی جے بٹ کابڑی محنت سے لگایاہواساؤنڈ سسٹم بھی خاموش ہوگیا جس کے بعد پنڈال میں تاریکی اور خاموشی کاراج رہا بیس پچیس منٹ اسی طرح گزرے پھر جنریٹرنے دم پکڑا۔

قبل ازیں دوپہر میں عمران خان نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ الطاف حسین کی تقریر سننے کے بعد بھوک زیادہ لگی ہے، کراچی عوام کی ہمت ہے کہ اتنی طویل تقریر سنتے ہیں۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے جلسے کے حوالے سے کہا کہ آج کراچی میں زبردست جلسہ ہو گااور لوگ انجوائے کریں گے۔

پی ٹی آئی کے سربراہ اپنی اہلیہ ریحام خان کے ہمراہ اسلام آباد سے کراچی کے ایک صنعت کار کے گھر پہنچے تھے۔

میڈیا سے گفتگو میں ان کا مزید کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کو اپنا فیصلہ ابھی کرنا ہے، الطاف حسین کو کیسے نتیجے کا پتہ چل گیا ایسا تو میچ فکسنگ میں ہوتا ہے

انہوں نے مزید کہا کہ کراچی 30سال سے مشکلات میں پھنسا ہوا تھا، نیا دور شروع ہونے والا ہے۔

جلسے کی تیاریاں

این اے 246 میں پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی انتخابی جلسے کی تیاریاں جاری ہیں۔

تحریک انصاف کے امیدوار عمران اسماعیل نے الزام عائد کیا کہ انتظامیہ کو رات 12بجے جلسہ گاہ پی ٹی آئی کے حوالے کرنا تھا لیکن اس میں چار گھنٹے سے زائد کی تاخیر کی گئی۔

تحریک انصاف کا کہنا ہے کہ جلسے کے لیے 50 ہزار کرسیوں کا آرڈر دیالیکن صرف 25 ہزار کرسیاں دی گئیں

سیکیورٹی انتظامات

پی ٹی آئی کے جلسے میں سیکیورٹی کے لیے 2700 پولیس اہلکار موجود ہوں گے

جلسہ گاہ کی حفاظت کیلئے اطراف کی عمارتوں پر کمانڈوز تعینات ہوں گے

ایم ڈبلیو ایم کی حمایت کا اعلان

قومی اسمبلی کے حلقہ 246 میں مجلس وحدت مسلمین کی طرف سے پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کیا ہے۔

اس سلسلے میں دونوں جماعتوں کے رہنماوں نے مشترکہ بیان میں اس کا باقاعدہ اعلان کیا۔

تبصرے (1) بند ہیں

الیاس انصاری Apr 20, 2015 12:20pm
یہ وہ خواب ہے جس کی کوئی تعبیر نہیں