اسلام آباد: سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کی نلتر وادی میں پیش آنے والا ہیلی کاپٹر حادثہ انجن کی خرابی سے ہوا اور اس میں کسی قسم کی دہشت گردی کا امکان نہیں۔

خیال رہے کہ گلگت بلتستان کے علاقے نلتر میں پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لینڈنگ کے دوران گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں 2 پائلٹ اور 2 غیر ملکی سفیروں سمیت 7 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

اعزاز چوہدری نے میڈیا بریفنگ کے دوران بتایا کہ مجموعی طور پر چار ہیلی کاپٹر تھے جن میں سے ایک کو حادثہ پیش آیا۔

ان کے مطابق 30 سفارت کاروں کا یہ معمول کا دورہ تھا، ایسے دوروں کامقصد پاکستان سےروشناس کران ہوتا ہے۔

اعزاز چوہدری نے بتایا کہ حادثے کی تحقیقات کیلیےبریگیڈیئر کی سربراہی میں بورڈ تشکیل دےدیا گیا ہے جبکہ امدادی آپریشن حادثے کے فوراً بعد ہی شروع کردیا گیا تھا۔

انہوں نے بتایا کہ حادثہ پیش آنے والے ہیلی کاپٹر میں عملے سمیت 19 افراد سوار تھے جن میں سے متعدد افراد زخمی بھی ہیں۔

سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ موسم کی صورت حال بہترہوتے ہی زخمیوں کو اسلام آباد منتقل کردیا جائے گا، اسلام آباد کے اسپتالوں شفا اور پمز میں انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔

اعزاز چوہدری نے بتایا کہ ہیلی کاپٹر کے عملے نے اپنی جانوں کا نذرانہ دے کر جانیں بچائیں جبکہ ہلی کاپٹر میں سوار 12 افراد کو بچالیا گیا۔

انہوں نے بتایا کہ انڈونیشیا کے سفیر کی حالت تشویشناک ہے اور ان کے جسم کا 75 فیصد حصہ جل چکا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ سانحے کا کسی بھی قسم کے دہشت گردی کے واقعے سے کوئی تعلق نہیں۔

انہوں نے کہا کہ ناروے اور فلپائن کے سفیروں نے پاکستان کے ساتھ ان ممالک کے تعلقات مضبوط بنانے میں کردار ادا کیا۔ انہوں نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے دعویٰ کو 'بوگس' قرار دیا اور کہا کہ یہ واقعہ حادثہ تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں