کراچی:دہشت گردوں کی فائرنگ سے ڈی ایس پی ہلاک

10 مئ 2015
کراچی کے علا قے شاہ فیصل میں ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کو نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا — فائل فوٹو
کراچی کے علا قے شاہ فیصل میں ڈی ایس پی ذوالفقار زیدی کو نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا — فائل فوٹو

کراچی: شاہ فیصل کے علاقے میں ہوٹل پر نامعلوم افراد کی فائرنگ سے سندھ پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ (ڈی ایس پی) اور اس کا دوست ہلاک ہو گئے۔

ڈان نیوز کے مطابق انسپکٹر جنرل سندھ پولیس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ نامعلوم مسلح ملزمان نے ڈی ایس پی سید ذوالفقار زیدی کو شاہ فیصل کے علاقے عید گاہ میں نشانہ بنایا، جہاں وہ اپنے ایک دوست شہزاد اور بیٹے انصارعلی کے ساتھ موجود تھے۔

مقتولین کی لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لئے ہسپتال منتقل کرکے پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔

ڈی ایس پی ذوالفقارزیدی سندھ ہائیکورٹ کے سیکیورٹی انچارج تھے۔

آئی جی سندھ نے موقع پر پہنچ کر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ماضی کے تمام ہائی پروفائل کیسز کے ملزمان پکڑے گئے ہیں اور اس واقعے میں بھی ملوث ملزمان کو کیفرکردار تک پہنچایا جائےگا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے ڈی ایس پی ذوالفقار کی ہلاکت کی مزمت کرتے ہوئے سندھ حکومت کو ہدایات جاری کی ہیں کہ صوبے میں سیکیورٹی کے انتظامات کو مزید مؤثر بنایا جائے تاکہ ایسے واقعات کا سد باب کیا جاسکے۔

وزیراعظم نے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ پولیس کے عزم و حوصلے کو بلند کرنے کے لئے اقدامات کئے جائے کیونکہ امن و امان کو قائم کرنے میں پولیس کا اہم کردار ہے۔

انھوں نے اس بات کا بھی اعادہ کیا کہ کراچی میں امن برقرار رکھنے کی ذمہ داری حکومت کی ہے تاکہ شہری پر سکون زندگی گزار سکیں۔

گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے بھی واقعے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں