اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف اتوار کو کابل کا دورہ کریں گے جہاں وہ افغان قیادت سے مفاہمتی عمل آگے بڑھانے اور سیکورٹی تعاون سے متعلق امور پر بات چیت کریں گے۔

فوج کے شعبے تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق جنرل راحیل شریف افغان سیاسی اورعسکری قیادت سے ملاقات کریں گے ۔

مزید پڑھیں: پاکستان ہمیشہ افغانستان کے ساتھ کھڑا رہے گا، وزیر اعظم↵ ↵ آرمی چیف افغان قیادت سے افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے پر بھی بات چیت کریں گے۔

ملاقاتوں میں سیکیورٹی سے متعلق امور بھی زیر غور آئیں گے ۔

خیال رہے کہ رواں ماہ افغان صدر 5ویں ہارٹ آف ایشیا کرنفرنس میں شرکت کے لیے اسلام آباد آئے تھے جہاں ان کی آرمی چیف سے بھی ملاقات ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: جنرل راحیل، افغان صدر کا دہشت گردی کے خلاف تعاون پر اتفاق↵ ↵ اس کانفرنس میں دیگر افغان اعلیٰ حکام کے علاوہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج اور امریکا اور چین کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

افغان انٹیلی جنس ایجنسی کی جانب سے ملاعمر کی ہلاکت کی تصدیق کے بعد افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات کا عمل تعطل کا شکار ہوگیا تھا، جبکہ افغانستان میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث بھی دونوں فریقین میں مذاکرات سے متعلق بداعتمادی پائی جاتی تھی۔

افغان صدر کی جانب سے پاکستان پر بار بار الزام عائد کیا جاتا رہا ہے کہ اس کی سرزمین سے افغانستان میں دہشت گرد حملے کیے جارہے ہیں اور یہ کہ پاکستان، افغانستان کے مفادات کے خلاف کام کر رہا ہے۔

تاہم افغان صدر کے دورے کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں بہتری دیکھی جارہی ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں