کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے واقعے میں 4 پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے.

پولیس کے مطابق اہلکار اُس وقت نامعلوم حملہ آوروں کا نشانہ بنے جب وہ گشت کے دوران منیر مینگل روڈ پر موجود پٹرول پمپ پر رکے.

نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے 2 اہلکار جائے وقوع پر ہلاک ہوگئے جبکہ 2 اہلکار زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے سول ہسپتال کوئٹہ میں چل بسے

واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی اہلکار جائے وقوع پر پہنچے اور علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکھٹے کرنے شروع کردیئے.

ڈان نیوز کے مطابق پولیس نے واقعے کے بعد تین مشتبہ افراد کو بھی حراست میں لے لیا، جن سے تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے میڈیا کو بھیجے گئے ایک ای میل پیغام میں واقعے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا.

مزید پڑھیں:کوئٹہ میں پولیو سینٹر کے قریب دھماکا، 14 ہلاک

گزشتہ ایک مہینے کے دوران کوئٹہ میں 19 پولیس اہکار بم دھماکے اورٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں ہلاک جبکہ 16 زخمی ہوئے.

رواں ماہ کوئٹہ کے نواحی علاقے سیٹلائٹ ٹاؤن میں انسدادِ پولیو سینٹر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 14 افراد ہلاک جبکہ 10 سے زائد زخمی ہوگئے تھے، جن میں زیادہ تعداد پولیس اہلکاروں کی تھی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

تبصرے (0) بند ہیں