دبئی: پاکستان سپر لیگ کی ٹیم کراچی کنگز کے فاسٹ باؤلر محمد عامر نے لیگ کی پہلی ہیٹ ٹرک کر نے کا اعزاز حاصل کیا۔

متحدہ عرب امارات میں ہونے والی پاکستان سپر لیگ نے دنیا کے دیگرٹی ٹوئنٹی کے بڑے ٹورنامنٹس کی طرح چکاچوند کی روایت کو برقرار رکھا ہوا ہے جہاں صرف چوکے اور چھکے ہی بلند نہیں ہورہے، جہاں صرف تماشائیوں کا جوش وخروش ہی نظرنہیں آرہا بلکہ وکٹیں بھی اڑ رہی ہیں اور شاندار کیچز بھی ہورہے ہیں۔

محمد عامر نے بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں شاندار کارکردگی سے قومی ٹیم میں واپسی کی راہ ہموار کی تھی اور بالآخر نیوزی لینڈ کے خلاف سیریز میں ٹیم کا حصہ بھی بنے اور سیریز کے تمام ٹی ٹوئنٹی اور ایک روزہ میچز کھیلے۔

پی ایس ایل میں پہلی ہیٹ ٹرک کے لیے انھوں نے لاہور قلندرز کے بڑے کھلاڑیوں ویسٹ انڈیز کے ڈیرن براوو کو 14 رنز پر بولڈ کیا، ذوہیب خان کو صفر پر وکٹ کیپر سیف اللہ بنگش کے ہاتھوں کیچ اور کیون کوپر کو مسلسل تیسری گیند پر صفر پر ایل بی ڈبلیو کیا۔

محمد عامر کا اپنی کارکردگی پر کہنا تھا کہ بہترین باؤلنگ ہورہی تھی جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے تین آؤٹ کئے۔

انھوں نے پی ایس ایل کے کامیاب آغاز پر خوشی کا اظہار کیا۔

قبل ازیں پی ایس ایل کی پہلی گیند پھینکنے کا اعزاز کوئٹہ گلیڈی ایٹر کے فاسٹ باؤلر انور علی کو ملا جبکہ اس گیند کا سامنا اسلام آباد یونائیٹڈ کے نامور آل راؤنڈر شین واٹسن نے دفاعی انداز میں کیا۔

پہلے میچ میں ٹورنامنٹ کا پہلا چھکا شرجیل خان نے بائیں بازوں کے اسپنر ذوالفقار بابر کو رسید کیا جبکہ چوکا شین واٹسن کے بلے سے لگا تھا۔

پی ایس ایل کے افتتاحی میچ کی خاص بات پہلا میڈن اوور تھا جہاں ٹی ٹوئنٹی لیگ میں میڈن اوور شاذ و نادر ہوتے ہیں لیکن یہاں ٹورنامنٹ کا پہلا اوور ہی بغیر کسی رن کے گزر گیا جس کا سہرا انور علی کو جاتا ہے۔

ٹورنامنٹ کی پہلی وکٹ ذوالفقار بابر کے حصے میں آئی جب انھوں نے شرجیل خان کو آؤٹ کیا۔ پہلی وائیڈ گیند عمر گل نے کرائی جن کو دوسری وکٹ لیوک رائٹ کے شاندار کیچ کے بدولت ملی تھی۔

پہلا کیچ گلیڈی ایٹر کے افغان کھلاڑی محمد نبی کے ہاتھوں مکمل ہوا جو شرجیل خان نے تھمایا تھا۔

کراچی کنگز کے باؤلرز کی بہترین کارکردگی کے باعث لاہور کی ٹیم بڑا اسکور کرنے میں ناکام ہوئی کرس گیل پہلے ہی اوور میں آؤٹ ہوئے جبکہ کپتان اظہر علی بھی خاطر خوا کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں