فیس بک میسنجر میں ایس ایم ایس کی آمد

12 فروری 2016
فیس بک میسنجر میں ایس ایم ایس کی آزمائش کی جارہی ہے— رائٹرز فائل فوٹو
فیس بک میسنجر میں ایس ایم ایس کی آزمائش کی جارہی ہے— رائٹرز فائل فوٹو

شاید آپ کو یاد ہو کہ فیس بک نے کچھ عرصے قبل دعویٰ کیا تھا کہ وہ اپنی میسنجر ایپ کی مدد سے موبائل فون نمبر کا خاتمہ کردے گی اور اب لگتا ہے اس نے عملی اقدام بھی شروع کردیا ہے۔

جی ہاں فیس بک کی جانب سے میسنجر میں نہ صرف ادائیگیوں کی سہولت فراہم کی ہے بلکہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس سے لیس ذاتی اسسٹنٹ کا اضافہ بھی کیا اور اب وہ جلد اپنی سب سے بڑی تبدیلی متعارف کرانے والی ہے۔

مستقبل قریب میں فیس بک کی جانب سے جن فیچرز کو متعارف کرائے جانے کا امکان ہے اس میں ایس ایم ایس پلس سپورٹ کا اضافہ بھی ہے۔

ایس ایم ایس کا فیچر سب سے پہلے اینڈرائیڈ پولیس نے دیکھا تھا مگر اب فیس بک نے بھی تصدیق کی ہے کہ وہ ان نئے فیچرز کی آزمائش کررہی ہے۔

فیس بک کے ایک ترجمان کے مطابق میسنجر میں ہم ہمیشہ ہی لوگوں کی سہولت کے لیے نت نئی چیزیں آزمانے رہتے ہیں اور اس وقت ہم صارفین کے لیے بات چیت آسان کرنے کے لیے ایس ایم ایس اور میسنجر کو ایک ہی پلیٹ فارم پر لارہے ہیں۔

اس کا کہنا تھا کہ یہ ایک آسان طریقہ ہوگا جس کے ذریعے ایک ایپ پر ہی اپنے ایس ایم ایس پیغامات کو موصول، دیکھا اور جواب دیا جاسکے گا۔

خیال رہے کہ ایس ایم ایس پہلے بھی فیس بک میسنجر کا حصہ تھا مگر اسے چند سال پہلے لوگوں کی عدم دلچسپی کی بناءپر ہٹا دیا گیا تھا، مگر میسجنگ اپلیکشنز جیسے واٹس ایپ اور گوگل کے ہینگ آﺅٹ کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے فیس بک نے اپنا ارادہ بدل لیا ہے۔

اور ہاں ایک اور بڑا فیچر جو سامنے آنے والا ہے وہ یہ ہے کہ ایک ہی فون نمبر پر متعدد لوگ میسنجر پر لاگ ان اور استعمال کرسکیں گے۔

اب یہ فیچر کس حد تک فائدہ مند ہوتا ہے یہ تو سامنے آنے پر ہی معلوم ہوگا تاہم ابھی تک فیس بک نے یہ واضح نہیں کیا کہ یہ فیچرز کب تک متعارف کرادیئے جائیں گے۔

مگر امکان یہی ہے کہ بہت جلد آپ انہیں استعمال کررہے ہوں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں