• KHI: Partly Cloudy 22.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.4°C
  • KHI: Partly Cloudy 22.1°C
  • LHR: Partly Cloudy 15.5°C
  • ISB: Partly Cloudy 10.4°C

ممتاز قادری کی پھانسی پر متعدد شہروں میں احتجاج

شائع February 29, 2016

کراچی: سابق گورنر پنجاب اور پیپلز پارٹی کے رہنما سلمان تاثیر کے قاتل ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف شہر قائد کے متعدد علاقوں میں مظاہرے کیے گئے جبکہ شہر کی کچھ مرکزی شاہراہیں بھی کئی گھنٹوں تک بلاک رہیں جس کے باعث شدید ٹریفک جام رہا۔

مظاہرین نے عدلیہ اور حکومت کے خلاف نعرے بازی کی اور متعدد سڑکیں بلاک کردیں جس کے نتیجے میں شارع فیصل، سولجر بازار اور ڈاکٹر ضیاءالدین احمد روڈ پر ٹریفک جام رہا۔

اس کے علاوہ شہر کے متعدد علاقوں میں دکانیں بند رہیں جبکہ ٹریفک پر پبلک ٹرانسپورٹ بھی معمول سے کم تھا۔

صورت حال کے پیشنظر شہریوں کو شدید دشواری کا سامنا کرنا پڑا جبکہ متعدد نے اپنے غصے کا اظہار سوشل میڈیا پر کیا۔

کراچی میں 4 روز کیلئے ڈبل سواری پر پابندی

دوسری جانب کراچی میں چار دن کےلئے موٹرسائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی عائد کردی گئی۔

محکمہ داخلہ سندھ نے آئی جی پولیس کی سفارش پر پابندی کا نوٹفیکیشن جاری کیا جس کا اطلاق پیر کی شب 12 بجے سے چار مارچ کی رات بارہ بجے تک ہوگا۔

نوٹیفیکشن کےمطابق شہر میں امن وامان کی صورتحال اور متوقع احتجاج کے پیش نظر پابندی عائدکی گئی ہے۔

نوٹیفیکیشن میں مزید کہا گیا کہ بچے، خواتین، بزرگ اور صحافی پابندی سے مستثنٰی ہوں گے۔

دیگر شہروں کی صورت حال

کراچی کی طرح راولپنڈی اور اسلام آباد کے کئی علاقوں میں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے، جس کے باعث جڑواں شہروں کی سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔

لاہور میں سلمان تاثیر کے گھر اور اطراف کی سیکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔

حیدر آباد میں بھی مظاہرین نے ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف ٹائر جلائے۔

ضلع بدین میں مذہبی جماعتوں کی جانب سے احتجاج اور مظاہروں کے باعث مختلف علاقوں میں دفاتر اور دکانیں بند ہوگئیں، اس موقع پر ضلع بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔

ممتاز قادری کی پھانسی کے خلاف مظفر آباد میں اہلسنت والجماعت کے زیر اہتمام احتجاجی مظاہرہ کیا گیا، جس میں وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔

ملک کے دیگر شہروں میں بھی امن و امان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کے لیے سیکیورٹی بڑھادی گئی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

کارٹون

کارٹون : 21 دسمبر 2025
کارٹون : 20 دسمبر 2025