آئی سی سی کا پوائنٹس نظام متعارف کرنے پرغور

20 اپريل 2016
آئی سی سی کا اجلاس 25 اپریل کو دبئی میں ہوگا—فوٹو بشکریہ آئی سی سی
آئی سی سی کا اجلاس 25 اپریل کو دبئی میں ہوگا—فوٹو بشکریہ آئی سی سی

دبئی: انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے اگلے اجلاس میں کرکٹ کے تینوں طرز کی دوطرفہ سیریز کے نتائج کے لیے پوائنٹس نظام متعارف کرانے پر غور کیا جائے گا۔

کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کی رپورٹ کے مطابق یہ نظام دو طرفہ سیریز کے دوران تمام طرز کرکٹ میں نافذ کیا جائے گا جو ویمنز ایشز میں 2013 میں آزمایا گیا تھا جس کے تحت چمپین شپ کے فاتح کا مجموعی نتیجہ نکالا جاتا ہے اور اب یہ دو طرفہ سیریز میں قابل عمل بنانے کے لیے اجلاس میں بحث کی جائے گی۔

اس نظام کوابتدائی طورپر انگلینڈ کرکٹ بورڈ ( ای سی بی) نے اٹھایا تھا اور پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) اور سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) سے رواں سال ٹیموں کے دورے میں آزمانے پر رابطےمیں ہیں، ایس ایل سی نے ای سی بی کے رابطے کی تصدیق کی تھی۔

کرکٹ آسٹریلیا کے پرفارمنس منیجر پیٹ ہاورڈ کا کہنا تھا کہ اگر انگلینڈ نے سری لنکا اور پاکستان کے خلاف اس نظام کو نافذ کیا تو اس کو قریب سے جانچا جائے گا جس کے بعد اگلی سیریز آسٹریلیا ٹیم کی ہے جس میں وہ جولائی اور اگست میں سری لنکا کا دورہ کرے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ 'ہم اس کی مشق کے لیے تیارہیں اور دیکھا جائے گا کہ یہ کیسے کام کرتا ہے لیکن اس سے قبل موجودہ نظام میں کوئی تبدیلی نہیں لائی جائے گی چاہے یہ ہوم سیریز ہو یا پھر دوسرے ملکوں کے دورے ہوں'۔

دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ کے ڈائریکٹر اور سابق کپتان اینڈریو اسٹروس نے گزشتہ سال اس نظام کی حمایت کرتے ہوئے کہا تھا کہ میں طویل عرصے سے اس نظام کا دلدادہ تھا اور یہ شائقین کی کرکٹ میں دلچسپی بڑھانے کے لیے مفید ہوگا۔

آئی سی سی کا اجلاس 25 اپریل کو دبئی میں ہوگا جہاں تمام مستقل رکن ممالک کے بورڈ کے سربراہان شریک ہوں گے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں