اسلام آباد: حکومت اور اس کی اتحادی جماعتوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لیے اپوزیشن کے تیار کردہ ضابطہ کار (ٹی او آرز) کو مسترد کرتے ہوئے آئندہ ہفتے اپوزیشن کو اس حوالے سے جوابی خط لکھنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف کی سربراہی میں پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن کے تیار کردہ ٹی او آرز کا جائزہ لینے کیلئے حکومتی وزراء اور اتحادی جماعتوں کا اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں اتحادی جماعتوں نے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو مسترد کردیا اور ساتھ ہی حکومت سے سپریم کورٹ کو لکھے جانے والے خط پر اعتماد میں نہ لینے کا شکوہ بھی کیا۔

وزیراعظم نے حکومتی وزراء اور اتحادی جماعتوں کو اپوزیشن جماعتوں کو قائل کرنے کا ٹاسک سونپتے ہوئے فیصلہ کیا کہ پانامہ لیکس کی تحقیقات سپریم کورٹ کو بھجوائے گئے ٹی او آرز کی روشنی میں ہی ہوں گی۔

مزید پڑھیں: وزیراعظم پاناما پیپرز سے منہ چرارہے ہیں، عمران خان

ذرائع کے مطابق حکومت نے اپوزیشن کو آئندہ ہفتے جوابی خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں اتحادی جماعتوں کا ٹی او آرز پر موقف بھی شامل کیا جائے گا۔

وزیراعظم نے اتحادی رہنماؤں کو اپوزیشن کیلئے تیار کئے گئے جوابی خط کے متن سے بھی آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں اور وفاقی وزراء کے اجلاس میں پانامہ لیکس کی تحقیقات سے متعلق ٹی او آرز معاملے پر فوری اپوزیشن جماعتوں سے رابطوں کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

وزیراعظم کی زیر صدارت اتحادی جماعتوں اور وفاقی وزراء کے اجلاس میں جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن، نیشنل پارٹی کے سربراہ میر حاصل بزنجو، پختونخواہ ملی عوامی پارٹی (پی کے ایم اے پی) کے سربراہ محمود خان اچکزئی، جمعیت اہل حدیث کے پروفیسر ساجد میر پروفیسر ساجد میر، جے یو آئی فے کے اکرم درانی اور پاکستان مسلم لیگ ضیاءالحق گروپ کے سربراہ اعجازالحق شریک تھے، ان کے علاوہ اجلاس میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدرنثار، وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف، وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی زاہد حامد اور وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید بھی شریک تھے۔

یہ بھی پڑھیں: 'دہشت گردوں اور دھرنے والوں کا ایجنڈا ایک ہے'

اجلاس میں وزیراعظم نے کرپشن کے خلاف فورم بنانے کی تجویز دیتے ہوئے کہا کہ کرپشن کے نام پر سیاست نہیں ہونی چاہیے، کرپشن کسی بھی سطح پر ہو قبول نہیں کی جائے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کے لیے تیار ہیں اور اس حوالے سے اپوزیشن جماعتوں کی مثبت تجاویز کا خیرمقدم کیا جائے گا جبکہ حکومت پانامہ لیکس کی شفاف تحقیقات کو مکمل کرنا چاہتی ہے۔

اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ حکومت سپریم کورٹ کو بھیجے گئے ٹی او آرز پر قائم ہے، اپوزیشن کے ٹی او آر حکومت کو موصول ہوگئے ہیں، اتحادی جماعتوں نے حکومت کو اختیار دیا ہے کہ وہ اپوزیشن سے بات چیت کرے۔

ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کے ٹی او آر پر تحفظات ہیں جس کی وجہ اس میں موجود تضاد ہے، اپوزیشن اپنے ہر مطالبے سے پیچھے ہٹی ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اپوزیشن اب ٹی او آرز کو متنازع بنانا چاہتی ہے، 'اپوزیشن کے ٹی او آر آئین اور قانون کے مطابق نہیں'۔

ان نے مزید کہا کہ آئین اور قانون کے دائرے میں جمہوری اقدار کے مطابق مطالبات ہونے چاہیے ہیں، اپوزیشن کے مطالبے پر چیف جسٹس کو خط لکھا گیا تاہم اس کے بعد اپوزشن کی جانب سے رد عمل پر تشویش ہے۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعظم سے استعفیٰ نہیں مانگا، موقع دیا ہے'

یاد رہے کہ دو روز قبل پانامہ لیکس کے معاملے پر قائم ہونے والے کمیشن کے ضابطہ کار (ٹی او آرز) مقرر کرنے کیلئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اور پیپلز پارٹی کے رہنما سید خورشید شاہ نے وزیراعظم نواز شریف کو باضابطہ طور پر خط لکھ تھا۔



وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ ان کو موقع فراہم کیا ہے!

اپوزیشن ٹی او آرز پیش کرتے ہوئے خورشید شاہ کا رد عمل

خورشید شاہ کی جانب سے وزیراعظم کو ارسال کیے گئے خط کے ہمراہ تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن پر متحدہ حزب اختلاف کے ٹی او آرز بھی منسلک کیے گئے ہیں۔

اس کے بعد خورشید شاہ نے کہا تھا کہ اپوزیشن نے وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ نہیں کیا بلکہ ان کو موقع فراہم کیا ہے کہ وہ پارلیمنٹ میں آکر پاناما لیکس میں لگنے والے الزامات پر بات کرسکیں۔

اپوزیشن لیڈر کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے ٹی او آرز میں وزیراعظم کو ٹارگٹ نہیں کیا، جن جن لوگوں نے قرضے معاف کروائے یا آف شور کمپنیاں بنائیں ان کو کٹہرے میں آنا پڑے گا، وزیراعظم کو صرف اس لیے پہلے نمبر پر رکھا گیا ہے کیوں کہ وہ ملک کے چیف ایگزیکٹو ہیں۔

اپوزیشن کے ٹی او آرز

حزب اختلاف کی 9 جماعتوں کی جانب سے جوڈیشل کمیشن کے لیے 15 ٹی او آرز متفقہ طور پر منظور کیے گئے تھے۔

اجلاس میں پاکستان پیپلز پارٹی، پاکستان تحریک انصاف، متحدہ قومی موومنٹ، جماعت اسلامی، عوامی مسلم لیگ، پاکستان مسلم لیگ (ق) اور بلوچستان نیشنل پارٹی (عوامی) نے وزیر اعظم سے استعفے کے مطالبے پر اتفاق کیا تھا تاہم قومی وطن پارٹی اور عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے اختلاف کے باعث وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ ٹی او آرز میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔

اپوزیشن کے ٹی او آرز میں کمیشن کی جانب سب سے پہلے وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے احتساب کا مطالبہ کیا گیا تھا جبکہ اس کے لیے 3 ماہ کی مدت مقرر کرنے کا بھی مطالبہ شامل تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 64فیصد پاکستانیوں نےکرپشن کی نشاندہی کردی

پاناما لیکس میں سامنے آنے والے دیگر افراد کے حوالے سے یہ شق شامل کی گئی تھی کہ وزیر اعظم اور ان کے اہل خانہ کے احتساب کے بعد دیگر لوگوں کا احتساب ہونا چاہیے جبکہ اس کی تحقیقات ایک سال میں مکمل کر لینی چاہیے۔

• وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کو اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو غلط ثابت کرنا ہوگا۔

• وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ خود کو تحقیقات کیلئے کمیشن کے سامنے پیش کریں۔

• نواز شریف 1985 سے 2016 تک جائیداد کی تفصیلات فراہم کریں۔

• وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ کے ذرائع آمدن کیا تھے، کن بینک اکاؤنٹس میں رقم رکھی گئی؟

• کیا اس آمدن پر انکم ٹیکس ادا نہیں کیا جانا تھا؟

• بیرون ملک خریدی گئی جائیدادوں کیلئے رقم کن بینک اکاؤنٹس، کس تاریخ پر ادا کی گئی؟

• کمیشن کو آف شور اکاؤنٹس میں بھیجی گئی رقم کی تفصیلات سے آگاہ کیا جائے۔

• کیا وزیراعظم اور ان کے اہل خانہ دسمبر 2000 کے بعد اسٹیٹ گیسٹ تھے؟

• خصوصی کمیشن عالمی فرانزک آڈٹ کیلئے ماہرین کی کمیٹی بھی مقرر کرسکے گا۔

• ماہرین کی کمیٹی آف شور کمپنیوں کیلئے رقم کی مکمل چھان بین کرے گی۔

• نیب اور ایف آئی اے سمیت تمام وفاقی اور صوبائی ادارے کمیشن کی معاونت کے پابند ہوں گے۔

حکومتی ٹی او آرز

اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے ٹی او آرز حکومت پہلے ہی مسترد کرچکی ہے۔

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے گزشتہ روز پریس کانفرنس میں اپوزیشن کے ٹی او آرز کو تماشا قرار دیا تھا۔

خیال رہے کہ وزیراعظم نواز شریف نے 22 اپریل کو قوم سے خطاب میں اعلان کیا تھا کہ ان کے اہل خانہ پر پاناما پیپرز میں لگائے جانے والے الزامات کی تحقیقات کیلئے چیف جسٹس کو خط لکھ دیا گیا ہے۔

مذکورہ اعلان کے فوری بعد حکومت نے سیچوٹری ریگولیٹری آرڈر (ایس آر او) جاری کیا تھا جس میں پاکستان کمیشن آف انکوئری ایکٹ 1965 کے سیکشن 3 ون کے تحت کمیشن کیلئے 3 افراد کا نام دیا تھا۔

تاہم اپوزیشن نے حکومتی ٹی او آرز کو مسترد کردیا تھا۔

حکومت کی جانب سے کمیشن کے لیے مندرجہ ذیل ٹرمز آف ریفرنس مقررکیے گئے تھے۔

• کمیشن پاکستانی شہریوں، پاکستانی نژاد غیر ملکیوں اور اداروں سے پاناما یا کسی اور ملک میں آف شور کمپنیوں سے متعلق تحقیقات کرسکے گا۔

• کمیشن کو موجودہ یا پھر سابقہ عوامی عہدوں کے حامل افراد سے بھی تحقیقات کا اختیار ہوگا جنہوں نے سیاسی اثرو رسوخ استعمال کرتے ہوئے اپنے یا اہل خانہ کے قرضے معاف کرائے یا پھر کرپشن، کمیشن یا کک بیکس کے ذریعے کمائی گئی رقم ملک سے باہر بھجوائی۔

• انکوائری کمیشن اس بات کا تعین کرے گا کہ کیا پاناما لیکس کے الزامات کے مطابق کسی پاکستانی قانون کی خلاف ورزی ہوئی یا نہیں۔

• انکوائری کمیشن کو ٹیکس ماہرین اور اکاونٹنٹ سمیت کسی بھی شخص کو طلب کرنے کا اختیار ہوگا۔ کمیشن کسی بھی قسم کی دستاویز طلب کرسکے گا۔

• انکوائری کمیشن کے سربراہ کو یہ اختیار حاصل ہوگا کہ وہ مجاز افسر کو کسی بھی عمارت یا مقام میں داخلے اور مطلوبہ ریکارڈ کے حصول کے احکامات دے سکے گا۔

• انکوائری کمیشن کی تمام کارروائی عدالتی کارروائی تصور ہوگی۔ تمام وفاقی اور صوبائی ادارے کمیشن کی معاونت کے پابند ہوں گے۔

• تحقیقات کب اور کہاں ہوں گی اس کا فیصلہ انکوائری کمیشن خود کرے گا۔

• کابینہ ڈویژن انکوائری کمیشن کو دفتری خدمات فراہم کرے گا۔

پاناما لیکس

خیال رہے کہ گزشتہ ماہ پاناما لیکس میں نواز شریف کے بچوں کے نام پر آف شور کمپنیاں ہونے کے معاملے کا انکشاف ہوا تھا، جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان پیپلز پارٹی سمیت کئی بڑی جماعتوں نے وزیراعظم سے استعفے اور ان کمپنیوں میں منتقل ہونے والی رقم کی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔

واضح رہے کہ آف شور ٹیکس کے حوالے سے کام کرنے والی پاناما کی مشہور لا فرم موزیک فانسیکا کی افشا ہونے والی انتہائی خفیہ دستاویزات سے پاکستان سمیت دنیا کی کئی طاقت ور اور سیاسی شخصیات کے مالی معاملات عیاں ہوئے۔

آف شور اکاؤنٹس کیا ہوتے ہیں؟


• کسی بھی دوسرے ملک میں آف شور بینک اکاؤنٹس اور دیگر مالیاتی لین دین کے نگران اداروں سے یا ٹیکس سے بچنے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔

• کمپنیاں یا شخصیات اس کے لیے عموماً شیل کمپنیوں کا استعمال کرتی ہیں جس کا مقصد اصل مالکان کے ناموں اور اس میں استعمال فنڈز کو چھپانا ہوتا ہے۔

تحقیقاتی صحافیوں کی بین الاقوامی تنظیم (انٹرنیشنل کنسورشیم آف انویسٹیگیٹیو جرنلسٹس) کی ویب سائٹ پر جاری ہونے والا یہ ڈیٹا ایک کروڑ 15 لاکھ دستاویزات پر مشتمل ہے جس میں درجنوں سابق اور موجودہ سربراہان مملکت، کاروباری شخصیات، مجرموں، مشہور شخصیات اور کھلاڑیوں کی 'آف شور' کمپنیوں کا ریکارڈ موجود ہے۔

ان دستاویزات میں روس کے ولادمیر پوٹن، سعودی عرب کے فرمانروا، آئس لینڈ کے وزیر اعظم، شامی صدر اور پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف سمیت درجنوں حکمرانوں کے نام شامل ہیں،اس ڈیٹا میں وزیراعظم نواز شریف کے اہل خانہ کی آف شور ہولڈنگز کا ذکر بھی موجود ہے۔

ویب سائٹ پر موجود ڈیٹا کے مطابق، وزیراعظم کے بچوں مریم، حسن اور حسین ’کئی کمپنیوں کے مالکان یا پھر ان کی رقوم کی منتقلی کے مجاز تھے‘۔

اس سلسلے میں وزیراعظم نے ایک اعلیٰ سطح کا تحقیقاتی کمیشن قائم کرنے کا اعلان کیا تھا البتہ اس کمیشن کے ضابطہ کار پر حکومت اور حزب اختلاف میں اتفاق نہیں ہو سکا ہے۔

ضروری نہیں افشا ہونے والی یہ دستاویزات غیر قانونی سرگرمیوں کا ثبوت ہوں کیونکہ برطانوی روزنامہ دی گارجین کے مطابق آف شور ڈھانچہ استعمال کرنا قانونی ہے۔

موزیک فانسیکا کے نجی ڈیٹا بیس سے 2.6 ٹیرا بائٹس پر مشتمل عام ہونے والی اس معلومات کو امریکی سفارتی مراسلوں سے بھی بڑا قرار دیا گیا ہے۔

دستاویزات کے مطابق، وزیر اعظم نوازشریف کے بچوں کی آف شور کمپنیوں کے علاوہ بے نظیر بھٹو، ان کےرشتہ دار حسن علی جعفری اور سابق وزیرداخلہ رحمان ملک پیٹرو فائن ایف زی سی کے مالکان تھے۔

خیال رہے کہ یو این کمیٹی نے 2005 میں انکشاف کیا تھا کہ یہ کمپنی عراق میں ’تیل کے بدلے خوراک‘ سکینڈل میں ملوث تھی۔

اسی طرح، پی پی پی رہنما آصف علی زرداری کے قریبی ساتھی جاوید پاشا کا نام بھی کم از کم پانچ آف شورکمپنیوں کے ساتھ جوڑا جا رہا ہے۔

میڈیا مینیجر پاشازی ٹی وی سمیت دوسرے انڈین چینلز سے کاروباری معاہدے کرتے رہے ہیں۔

دستاویزات کے مطابق، لکی مروت کا سیف اللہ خاندان ریکارڈ 34 ایسی کمپنیوں کے مالکان ہیں۔ ان میں سے عثمان سیف اللہ پی پی پی کی ٹکٹ پر سینیٹ کے رکن ہیں۔

سابق جج ملک قیوم کا، جن کے بھائی پرویز ملک لاہور سے پی ایم ایل-ن کے رکن قومی اسمبلی ہیں، نام دستاویزات میں شامل ہے۔

لیکس میں وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کے کم ازکم دو قریبی ساتھی الیاس میراج (پہلی بیوی نصرت کے بھائی) اور ثمینہ درانی (دوسری بیوی تہمینہ درانی کی والدہ) کے نام بھی موجود ہیں۔

لیکس میں بتایا گیا کہ ثمینہ درانی کم از کم تین آف شور کمپنیوں Rainbow Ltd, Armani River Ltd and Star Precision Ltd جبکہ میراج Haylandale Ltd میں بڑے شیئر ہولڈر ہیں۔

تاہم ،میڈیا رپورٹس کے مطابق،لیکس میں شامل تقریباً 200 پاکستانیوں کی اکثریت کاروباری شخصیات ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Khalid javaid May 07, 2016 08:04pm
In Pakistan no one is innocentirely. Everyome who had achance he avail that chance decently.the 95%of beaurocrates/politician are corrupt in this country.