اسلام آباد: مقامی عدالت نے سیکورٹی گارڈ ہلاکت کیس میں مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور ان کے سیکورٹی گارڈ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی شیخ روحیل اصغر اور ان کے گارڈ ذوالفقار احمد جوڈیشل مجسٹریٹ ہمایوں دلاور کی عدالت میں کیس کی سماعت کے لیے پیش نہ ہوئے۔

ملزمان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ضمانتی مچلکے نقد جمع کرانے ہیں، جس کے لیے ابھی بینک سے رقم نکلوانی ہے اس لیے وقت دیا جائے۔

فاضل جج نے وکیل سے استفسار کیا کہ ملزمان خود کہاں ہیں، جب تک ملزمان عدالت پیش نہیں ہوتے میں سماعت نہیں کروں گا، جبکہ ملزمان کے وارنٹ گرفتاری نکال کر انھیں جیل بھیجا جائے۔

عدالت نے ملزمان کے وارنٹ جاری کرتے ہوئے کیس کی سماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔

یہ بھی پڑھیں: لیگی رہنما روحیل اصغر پر عدالتی حکم پر مقدمہ درج

شیخ روحیل اصغر اور ان کے محافظ کے خلاف رواں سال 20 فروری کو سیکورٹی گارڈ کو مبینہ طور پر گاڑی سے کچلنے کے الزام میں عدالتی حکم پر اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔

مقدمے کے اندراج کے لیے ایڈیشنل سیشن جج عطا ربانی کی عدالت میں دائر درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ حکمراں جماعت کے رکن قومی اسمبلی نے 10 اگست 2015 کو نجی کمپنی کے سیکیورٹی گارڈ کو گاڑی کے نیچے کچل دیا تھا۔

وکیل مدعی نے عدالت کو بتایا تھا کہ شیخ روحیل اصغر نے راز محمد کو اسلام آباد کے علاقے بلیو ایریا کے فٹ پاتھ پر کچل دیا تھا جو بعد میں ہسپتال میں دم توڑ گیا جبکہ پولیس بااثر شخص کے خلاف مقدمہ درج کرنے سے انکاری ہے۔

گزشتہ سماعت پر عدالت نے شیخ روحیل اصغر کی 2 لاکھ روپے کے مچلکے کے عوض ضمانت منظور کی تھی، جبکہ ملزمان پر آج فرد جرم عائد کی جانی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں