سنجے لیلا بھنسالی کی بنائی گئی ویب سیریز ’ہیرا منڈی‘ کو جہاں کمزور کہانی، کرداروں اور خراب زبان کی وجہ سے تنقید کا سامنا ہے، وہیں اب اسی سیریز کے گانے ’سکل بن‘ کی موسیقی بھی پاکستانی گانوں سے چرائے جانے کا معاملہ سامنے آگیا۔

’ہیرا منڈی‘ کا گانا سکل بن ویب سیریز کی ریلیز سے قبل مارچ میں ہی ریلیز کیا گیا تھا اور اسے اب تک یوٹیوب پر ایک کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم گانے کو ویب سیریز کی ریلیز کے بعد پذیرائی ملی۔

’ہیرا منڈی‘ کا ’سکل بن‘ گانا دراصل فارسی کے عظیم شاعر امیر خسرو کی شاعری کا ترجمہ ہے، جسے انہوں نے کم سے کم تقریبا 800 سال قبل لکھا تھا اور ان کے گانے کی شاعری کا اردو ترجمہ مغل دور میں کیا گیا۔

’سکل بن‘ پر اب تک متعدد فنکار، قوال اور موسیقار میوزک ترتیب دے چکے ہیں اور اسے کئی فنکار مختلف انداز میں گا بھی چکے ہیں۔

’سکل بن‘ کی جدید کلاسیکل اور روایتی موسیقی پاکستانی موسیقاروں نے ترتیب دی اور اسے کئی دہائیوں سے گلوکار مختلف انداز میں روایتی موسیقی کے ساتھ پیش کرتے رہے ہیں۔

’سکل بن‘ کو جہاں کوک اسٹوڈیو سیزن 8 میں 2015 میں رضوان اور معظم علی نے گایا تھا، وہیں اسے معروف گلوکارہ میشا شفیع بھی اپنے انداز میں گا چکی ہیں۔

اسی طرح ’سکل بن‘ کو صابری برادرز قوال بھی اپنے منفرد انداز میں گا چکے ہیں جب کہ اسے معروف گلوکارہ سارا رضا بھی گا چکی ہیں۔

اسی طرح ’سکل بن‘ کو اردو زبان کے بھارتی ادبی ادارے ریختا کے پروگراموں میں بھی گایا چکا ہے۔

اردو ادب، موسیقی، گلوکاری اور تاریخ سے دلچسپی رکھنے والے افراد میں ’سکل بن‘ کی منفرد اہمیت اور شہرت کو دیکھتے ہوئے سنجے لیلا بھنسالی نے اسی گانے کو اپنی ویب سیریز میں بھی شامل کیا۔

’ہیرا منڈی‘ میں سکل بن کو تقریبا ویب سیریز کی تمام مرکزی اداکارائوں پر فلمایا گیا ہے اور تمام اداکارائوں کو گانے پر محل میں رقص کرتے دکھایا گیا ہے۔

ویب سیریز میں ’سکل بن‘ کو راجا حسن نے گایا ہے جب کہ اس کے موسیقار کا نام دینے کے بجائے اسے روایتی موسیقی کا نام دیا گیا ہے، یعنی گانے کی موسیقی کو پہلے سے موجود موسیقی سے کاپی کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں