'باصلاحیت پاکستانی باؤلنگ اٹیک خطرناک ثابت ہو گا'

30 جون 2016
براڈ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلش کنڈیشنز اور ماحول سے کافی حد تک واقفیت ہو گی۔ فائل فوٹو رائٹرز
براڈ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلش کنڈیشنز اور ماحول سے کافی حد تک واقفیت ہو گی۔ فائل فوٹو رائٹرز

تجربہ کار انگلش باؤلر اسٹورٹ براڈ نے اپنے بلے بازوں کو خبردار کیا ہے کہ آئندہ ماہ ہونے والی ٹیسٹ سیریز میں پاکستان کا باصلاحیت باؤلنگ اٹیک ان کیلئے خطرناک ثابت ہو گا۔

کرکٹ ورلڈ کی رپورٹ کے مطابق براڈ نے مصباح الحق الیون کو بھی آگاہ کیا کہ انہیں صورتحال کو ہرگز آسان نہیں لینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ انگلینڈ باؤلنگ کیلئے بہت ہی اچھی جگہ ہو سکتی ہے تاہم اگر آپ نے غلطی کی تو پھر بھگتنا پڑے گا اور عام طور پر تیز رفتار باؤلرز کو انگلینڈ میں کافی جدوجہد کا سامنا کرنا پڑا ہے جیسے بریٹ لی، ان باؤلرز کی لائن اور لینتھ بگڑنے کی صورت میں دوبارہ صحیح باؤلنگ نہیں کر پاتے۔

'لیکن میرے خیال میں پاکستان بہت خطرناک ثابت ہو گا کیونکہ وہ بہت باصلاحیت ہیں'۔

پاکستان اس وقت دنیا میں وہ واحد ٹیم ہے جسے انگلینڈ پر برتری حاصل ہے اور جس نے گزشتہ دونوں سیریز میں انگلینڈ کو شکست سے دوچار کیا تھا۔

پاکستان نے انگلینڈ میں نو فتوحات حاصل کی ہیں لیکن انگلش وکٹوں پر ریکارڈ بہت مختلف ہے جہاں 2000 کے بعد سے قومی ٹیم صرف دو ٹیسٹ جیت سکی جس میں ایک 2001 اور دوسری 2010 میں اسپاٹ فکسنگ اسکینڈل سے متاثرہ دورے میں حاصل کی تھی۔

براڈ نے پاکستانی ٹیم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس چند ورلڈ کلاس کھلاڑی موجود ہیں، ہماری ٹیم متحدہ عرب امارات میں سیریز جیتنے کیلئے بہت اچھی نہیں تھی لیکن ہمیں معلوم ہے کہ کس خطرے کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

براڈ کو صرف پاکستانی باؤلنگ سے خطرہ نہیں بلکہ انہوں نے تجربہ کار بیٹنگ کو بھی چیلنج قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ان کے پاس خصوصاً مڈل آرڈر میں خاصی اچھی تجربہ کار بیٹنگ لائن موجود ہے اور انتہائی منجھا ہوا کوچنگ اسٹاف بھی ہے جس میں انگلش کرکٹ ٹیم کے ساتھ ایک عرصے تک کام کرنے والے مشتاق احمد بھی شامل ہیں۔

براڈ نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو انگلش کنڈیشنز اور ماحول سے کافی حد تک واقفیت ہو گی۔

پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں پر مشتمل سیریز کا آغاز آئندہ ماہ 14 جولائی سے ہو گا جس میں پانچ ایک روزہ اور ایک ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلا جائے گا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں