ایل او سی: 460 کلومیٹر پر ہندوستانی باڑ لگ گئی
اسلام آباد: ہندوستان نے لائن آف کنٹرول (ایل او سی) پر 460 کلو میٹر کے علاقے میں حفاظتی باڑ لگانے کا کام مکمل کرلیا۔
ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق اس بات کا انکشاف وزیر قانون زاہد حامد نے سینیٹ میں وقفہ سوالات کے دوران کیا۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی جانب سے سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزیوں کا معاملہ اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل میں اٹھایا گیا۔
مزید پڑھیں: آرمی چیف کا لائن آف کنٹرول کا دورہ
زاہد حامد نے مزید کہا کہ ہندوستانی خلاف ورزیوں کے حوالے سے مراسلہ سیکیورٹی کونسل اور اس کے تمام رکن ممالک کو بھیجا گیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نے بھی لائن آف کنٹرول (ایل او سی) کے سیکٹر کیل اور باغ کے اگلے مورچوں کا دورہ کیا تھا اور جوانوں سے ملاقات کی تھی۔
آرمی چیف نے مادر وطن کی سرحدوں کی حفاظت کے لیے قربانیاں دینے پر پاک فوج کے افسروں اور جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا تھا۔
یاد رہے کہ 25 اکتوبر 2015 کو ہندوستانی فورسز کی جانب سے کی جانے والی بلا اشتعال فائرنگ کے نتیجے میں سیالکوٹ کے شکرگڑھ سیکٹر میں 6 پاکستانی زخمی ہوئے تھے جبکہ ہندوستانی فوج کی جانب سے الزام عائد کیا گیا تھا کہ پاکستان رینجرز نے بارڈر سیکیورٹی فورس (بی ایس ایف) کی 14 چوکیوں کو نشانہ بنایا تھا۔
مزید پڑھیں: لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی
واضح رہے کہ گزشتہ برس بھی متعدد بار ایل او سی اور ورکنگ باؤنڈری پر دونوں ممالک کی فورسز میں متعدد بار شیلنگ اور فائرنگ کے واقعات پیش آئے تھے، ان واقعات میں فوجیوں کے ساتھ ساتھ عام شہری بھی نشانہ بنے تھے جبکہ جانی نقصان کے علاوہ بڑے پیمانے پر مالی نقصانات بھی ہوئے تھے۔
پاکستان نے نئی دہلی سے ایل او سی پر جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر کئی باراحتجاج بھی کیا تھا۔











لائیو ٹی وی