اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما راجہ فاروق حیدر کو آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم کے لیے امیدوار نامزد کردیا۔

وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے نو منتخب ارکان سے ملاقات کے موقع پر وزیراعظم نواز شریف نے کامیاب انتخابی مہم چلانے پر تمام پارٹی ارکان کو مبارکباد دی اور راجہ فاروق حیدر کو وزیراعظم کے عہدے کے لیے نامزد کیا۔

یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے ہونے والے انتخابات میں آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کی 41 نشستوں میں سے 31 پر مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوئی تھی۔

قیاس آرائیاں تھیں کہ آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے انتخابات میں مینڈیٹ تقسیم ہوگا ، لیکن مسلم لیگ (ن) نے اپنی بڑی حریف جماعتوں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) اور پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو زیادہ تر اضلاع میں شکست سے دوچار کیا۔

مزید پڑھیں:آزاد کشمیر انتخابات میں مسلم لیگ نے میدان مار لیا

مذکورہ انتخابات میں راجا فاروق حیدر نے ضلع ہٹیاں بالا کے حلقے ایل اے 28 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ وہ آزاد جموں و کشمیر میں پارٹی کے صدر بھی ہیں۔

نامزدگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں راجہ فاروق حیدر خان کا کہنا تھا کہ کشمیر میں میرٹ کی بحالی اور کرپشن کا خاتمہ ان کی اولین ترجیح ہوگی۔

ساتھ ہی انھوں نے آزاد کشمیر کو تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ بنانے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں