سان فرانسسکو: امریکا کی معروف آن لائن کمپنی ’ایمازون‘ نے برطانیہ میں ڈرون ٹیکنالوجی کے ذریعے تجرباتی طور پر سامان کی ترسیل کے منصوبے کا اعلان کردیا۔

کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس شراکت داری کا مقصد یہ سمجھنا ہے کہ ڈرونز کو کیسے محفوظ اور معتبر طریقے سے استعمال کیا جاسکتا ہے، جبکہ اس حوالے سے جو قواعد و ضوابط بنائے جانے ہیں ان کی بھی نشاندہی کی جائے گی۔

ایمازون کو برطانوی حکومت کی جانب سے اس حوالے سے 3 طرح کے تجربات کی اجازت دی گئی ہے، جن میں دیہی اور مضافاتی علاقوں میں ڈرونز کو صرف اتنی حدود میں سامان کی ترسیل کے لیے بھیجنا کہ وہ اپنے آپریٹر کی نظروں سے اوجھل نہ ہو، ڈرون آپریٹر کا ایک وقت میں صرف ایک خود کار ڈرون آپریٹ کرنا اور ڈرون کا تجربہ اس لیے کرنا کہ اس کے ذریعے سامان کی ترسیل میں رکاوٹوں کی نشاندہی کرکے ان سے بچنا شامل ہے۔

ایمازون کے گلوبل انوویشن پالیسی اینڈ کمیونیکیشنز کے نائب صدر پال مائزنر نے کہا کہ اس اعلان سے ہماری برطانیہ سے شراکت داری مضبوط ہوگی اور ہم برطانیہ سمیت پوری دنیا میں، ڈرون کے ذریعے محفوظ طریقے سے سامان کی ترسیل محض 30 منٹ میں کرنے کا مقصد حاصل کرنے کے مزید قریب ہوجائیں گے۔

گزشتہ ماہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن انتظامیہ نے، طویل انتظار کے بعد امریکی فضا میں چھوٹے اور تجارتی ڈرونز کے استعمال کے حوالے سے نئے قوانین متعارف کرائے تھے۔

یہ خبر 27 جولائی 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔

تبصرے (0) بند ہیں