کراچی: سندھ کے نومنتخب وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ نے صوبے میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کی مدت میں توسیع کا معاملہ جلد حل ہونے کا اشارہ دے دیا۔

مزار قائد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نومنتخب وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ رینجرز کے اختیارات میں توسیع کا معاملہ آئندہ 2 دن میں حل ہوجائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وہ اس حوالے سے آج اور کل سمری دیکھیں گے اور آئندہ دو روز میں یہ معاملہ حل ہوجائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: رینجرز اختیارات میں توسیع: کوئی پیش رفت نہ ہوسکی

دوسری جانب وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے بھی ٹیکسیلا میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے مراد علی شاہ کے دعوے کے حمایت کی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں رینجرز کے خصوصی اختیارات کے حوالے سے جہاں تک وفاقی حکومت کا تعلق ہے تو یہ سمجھ لینا چاہیے کہ رینجرز کو سندھ میں امن و امان کی صورتحال بہتر کرنے کے لیے بھیجا گیا ہے، جبکہ وفاقی حکومت رینجرز سمیت تمام سرکاری اداروں کی پشت پر کھڑی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن کے قیام کے لیے رینجرز کی جوانوں کی اپنی جانیں داؤ پر لگائیں اور جب بھی اس کے خصوصی اختیارات میں توسیع کا معاملہ آتا ہے تو اسے متنازع بنا دیا جاتا ہے۔

مزید پڑھیں: 'سندھ میں رینجرز اختیارات کا مطالبہ نامناسب'

مراد علی شاہ نے وزیر اعلیٰ سندھ منتخب ہونے کے حوالے سے چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ان کے وزیر اعلیٰ منتخب ہونے کے بعد امید ہے کہ زیر التوا معاملات جلد حل ہوجائیں گے۔

یاد رہے کہ رواں سال 4 مئی کو وفاقی حکومت نے رینجرز کو حاصل پولیس اختیارات میں 77 روز کی توسیع کردی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں