امریکا میں پھر دہشت گردی: شاپنگ مال میں فائرنگ سے 5 ہلاک

اپ ڈیٹ 24 ستمبر 2016
ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے اہلکار شاپنگ مال کے باہر موجود ہیں—۔فوٹو/ بشکریہ سارجنٹ مارک فرانسز
ایمرجنسی میڈیکل سروسز کے اہلکار شاپنگ مال کے باہر موجود ہیں—۔فوٹو/ بشکریہ سارجنٹ مارک فرانسز

لاس اینجلس: امریکی ریاست واشنگٹن کے ایک شاپنگ مال میں مسلح افراد کی فائرنگ کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک ہوگئے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ نے پولیس ترجمان سارجنٹ مارک فرانسز کے حوالے سے بتایا کہ برلنگٹن کے کیسکیڈ مال میں فائرنگ کرنے والا ایک حملہ آور مبینہ طور پر ہسپانوی تھا، جس نے سرمئی رنگ کے کپڑے پہن رکھے تھے۔

پولیس ترجمان نے بتایا کہ پولیس کے جائے وقوع پر پہنچنے سے قبل حملہ آور کو آخری مرتبہ شاپنگ مال سے انٹراسٹیٹ 5 ہائی وے کی جانب جاتے ہوئے دیکھا گیا۔

انھوں نے بتایا کہ حملہ آور کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے.

پولیس ترجمان فرانسز نے رپورٹرز کو بتایا کہ فائرنگ کے واقعے میں 4 خواتین سمیت 5 افراد ہلاک ہوئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پولیس ترجمان نے واقعے میں 4 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی تھی۔

انھوں نے مشتبہ حملہ آور کی مبینہ تصویر بھی جاری کی تاہم اسپین کے اس شہری کی جانب سے حملہ کرنے کی وجوہات سامنے نہ آسکیں۔

پولیس سارجنٹ نے بتایا کہ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ایمرجنسی میڈیکل سروسز بھی جائے وقوع کی جانب روانہ ہوگئیں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا گیا، جبکہ شاپنگ مال کو خالی کروا لیا گیا۔

برلنگٹن، ریاست واشنگٹن کے شہر سیٹل سے تقریباً 110 کلو میٹر شمال میں واقع ہے اور کیسکیڈ شاپنگ مال یہاں 1990 میں کھولا گیا تھا۔

یاد رہے کہ حالیہ کچھ عرصے سے امریکا میں فائرنگ کے واقعات میں اضافہ ہوگیا ہے۔

رواں ماہ 17 ستمبر کو امریکی ریاست پنسلوانیا کے شہر فلاڈیلفیا میں ایک مسلح شخص کی فائرنگ سے 2 پولیس اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے تھے۔

رواں سال امریکا میں فائرنگ کا بدترین واقعہ 12 جون کو پیش آیا تھا جب امریکی ریاست فلوریڈا کے جنوبی شہر اورلینڈو میں ہم جنس پرستوں کے نائٹ کلب میں فائرنگ کے نتیجے میں 50 افراد ہلاک جبکہ 53 زخمی ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں