ویسٹ انڈیز کو دوسری شکست، سیریز پاکستان کے نام

اپ ڈیٹ 25 ستمبر 2016
پاکستانی کھلاڑی مخالف ٹیم کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی کھلاڑی مخالف ٹیم کی وکٹ لینے کے بعد خوشی کا اظہار کر رہے ہیں — فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم شاٹ کھیلتے ہوئے — فوٹو: اے ایف پی
پاکستانی بیٹسمین بابر اعظم شاٹ کھیلتے ہوئے — فوٹو: اے ایف پی

دبئی: دوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو 16 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی۔

161 کے ہدف کے تعاقب میں ویسٹ انڈیز کی بیٹنگ لائن شروعات سے ہی مشکلات کا شکار رہی اور 19 رنز پر ہی اس کے تین کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔

ویسٹ انڈیز کو پہلا نقصان جونسن چارلس کی صورت میں اٹھانا پڑا جب وہ 10 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر باؤنڈری پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

دوسری وکٹ ایون لیوِز کی گری جو صرف 3 رنز بنانے کے بعد سہیل تنویر کی گیند پر شرجیل خان کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔

ویسٹ انڈیز کو تیسرا نقصان مارلن سیمیولز کا ہوا، جو صرف ایک رن بنا کر سہیل تنویر کی گیند پر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے۔

پہلے میچ میں نصف سینچری اسکور کرنے والے ڈیوائن براوو بھی اس بار کوئی خاص کارکردگی نہ دکھا سکے اور 18 کے انفرادی اور 45 کے مجموعی اسکور پر محمد نواز کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

ویسٹ اندیز کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی آنڈرے فلیچر تھے، جو 29 رنز بنا کر 29 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ایک رن کے اضافے کے بعد کیون پولارڈ بھی اسی اوور میں 18 رنز بنا کر وکٹوں کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔

سنیل نرائن نے آخری اوورز میں مزاحمت کرنے کی کوشش کی لیکن ان کی یہ مزاحمت بھی ویسٹ انڈیز کو فتح نہ دلاسکی اور یوں ویسٹ انڈیز کی ٹیم 20 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 144 رنز ہی بنا سکی۔

سہیل تنویر اور حسن علی نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں، جبکہ عماد وسیم، وہاب ریاض اور محمد نواز نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ویسٹ انڈیزسے کامیاب

قبل ازیں دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی۔

پاکستان نے مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹ کے نقصان پر 160 رنز بنائے۔

پاکستان کو میچ کے تیسرے اوور میں ہی پہلا نقصان اٹھانا پڑا جب شرجیل خان صرف 2 رنز بنا کر سیمیول بدری کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

پہلی وکٹ کے نقصان کے بعد خالد لطیف اور بابر اعظم نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 58 رنز تک پہنچایا، تاہم نویں اوور میں بابر اعظم 19 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔

خالد لطیف 36 گیندوں میں 40 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر بارہویں اوور میں 85 کے مجموعی اسکور پر رن آؤٹ ہوئے۔

خالد لطیف کے آؤٹ ہونے کے بعد شعیب ملک کپتان سرفراز احمد کا ساتھ دینے کے لیے کریز پر آئے اور دونوں نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کے اسکور کو 154 رنز تک پہنچایا۔

شعیب ملک آخری اوور میں 37 رنز کی عمدہ اننگز کھیل کر ڈیوائن براوو کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے، جبکہ سرفراز احمد 46 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر ناٹ آؤٹ رہے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے ڈیوائن براوو اور سیمیول بدری کے علاوہ کپتان کارلوس بریتھ ویٹ نے بھی ایک وکٹ حاصل کی۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پہلے ٹی ٹوئنٹی میچ میں پاکستان نے عماد وسیم کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت مہمان ٹیم کو یکطرفہ مقابلے کے بعد 9 وکٹ سے شکست دی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں