'ایک اور نیازی نے ہتھیار ڈال دیے'

شائع November 1, 2016

اسلام آباد: پاناما لیکس کے معاملے پر عمران خان کی جانب سے دھرنے کے مؤخر کرنے کے فیصلے پر عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے تحریک انصاف کا اپنا فیصلہ قرار دیا ہے۔

پاکستان تحریک انصاف نے سپریم کورٹ میں پاناما لیکس کے معاملے پر ہونے والی سماعت کو اخلاقی فتح قرار دیتے ہوئے 2 نومبر کے دھرنے کو یوم تشکر میں تبدیل کردیا۔

پاناما لیکس کے معاملے پر عمران خان کے مؤقف کے حامی ڈاکٹر طاہر القادری نے دھرنے کو مؤخر کرنے پر مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے 'انا للہ و انا الیہ راجعون' پڑھ لیا۔

عوامی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ یہ تحریک انصاف کا اپنا فیصلہ ہے، میرے پاس موجودہ صورتحال میں الفاظ نہیں ہیں اور مجھے تاحال کچھ سمجھ نہیں آ رہا۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے اس معاملے پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ ایک اور نیازی نے ہتھیار ڈال دیے۔

انہوں نے کہا کہ کارکن مار کھاتے رہے لیکن عمران خان پہاڑی سے نیچے نہیں اترے لیکن دھرنا ختم کرنے کے بعد پی ٹی آئی والے عمران خان کی تلاشی لیں۔

اس موقع پر انہوں نے حکومت کو خبردار کیا کہ بلاول بھٹو کے مطالبات نہ مانے گئے تو پیپلز پارٹی تحریک چلائے گی۔

ادھر پی پی پی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن آصفہ بھٹو زرداری نے پی ٹی آئی کے فیصلے پر ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کو 'یوٹرن خان' قرار دیا۔

وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ یہ حکومت کے اصولی مؤقف کی جیت ہے کیونکہ آج ہنگامہ کرنے والوں نے ناکامی پر مان لیا کہ فیصلہ دھرنوں اور ڈی چوک پر نہیں بلکہ عدالتوں میں ہوتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کھلنڈرا پن ختم کریں، سپریم کورٹ نے وہی فیصلہ کیا جو مؤقف وزیراعظم نے اپنایا تو پھر عمران خان کو یہ ہنگامہ کرنے کی ضرورت کیا تھی۔

دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف نے سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں پی ٹی آئی کے سربراہ پر طنز کرتے ہوئے کہا کہ 'عمراں خان کی جرات اور بہادری کو سلام۔۔۔۔۔'۔

عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما زاہد خان نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں عوام کا نقصان ہوا جس کے ذمے دار دونوں فریقین ہیں، مریضوں کو ہسپتال، بچوں کو اسکول اور لوگوں کو دفاتر جانے کیلئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا الگ بات ہے لیکن کسی شہر کو بند کرنا الگ بات ہے۔

تحریک انصاف کے اعلان پر زاہد خان نے تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یوم تشکر کس بات پر منائیں گے یہ تو وہ جانتے ہیں کہ کس بات پر شکر ادا کریں گے لیکن انہیں کل کے جلسے میں حکومت کی مذمت ضرور کرنی چاہیے تھی۔

اے این پی کے رہنما نے کہا کہ اس تمام صورتحال میں حکومت کو فائدہ ہو گا کیونکہ جو بھی فیصلہ ہوگا وہ موجودہ قوانین کی روشنی میں ہو گا، سپریم کورٹ ازخود تو آئین میں کوئی ترمیم نہیں کر سکتی اور اسے موجودہ آئین کے مطابق ہی فیصلے کرنے ہیں۔

پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما بیرسٹر اعتزاز احسن نے کہا کہ یہ کہنا قبل از وقت ہے کہ یہ حکومت کی فتح ہے یا اپوزیشن کی کیونکہ اس کا دارومدار سپریم کورٹ کی اگلی کارروائی پر ہو گا لیکن سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ جو کڑا پیمانہ یوسف رضا گیلانی کے خلاف استعمال ہو سکتا ہے تو کیا وہی پیمانہ نواز شریف کے خلاف استعمال ہو گا یا نہیں۔

وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ ملک پر ایک اور حملہ ناکام ہو گیا، مجھے اُمید تو کم ہے لیکن پھر بھی اُمید کرتی ہوں کہ وہ اس شرمندگی سے سبق سیکھیں گے۔

نومبر کا مہینہ حکومت کا آخری مہینہ ثابت ہو گا

تحریک انصاف کے رہنما نعیم الحق نے پنجاب حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کرپشن کے خلاف جہدوجہد میں مصروف تمام سایسی قیدیوں کو فوری طور پر رہا کریں اور خیبر پختونخوا کے عوام سے معافی مانگیں۔

انہوں نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ایک ایسے لیڈر کی یاد تازہ کردی جس نے آج سے 45 سال قبل پاکستان کو دو لخت کردیا تھا اور شیخ مجیب الرحمان کی طرح یہ لوگ بھی صرف ایک صوبے پر حکومت کر کے اور ایک صوبے سے ووٹ لے کر سمجھتے ہیں پاکستان میں ان کی بادشاہت ہے۔

تحریک انصاف کے رہنما نے مزید کہا کہ اسلام آباد کی انتظامیہ کی جانب سے اسلام آباد اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جو رکاوٹیں کھڑی کی گئی تھیں ہم اس کے خلاف قانونی چارہ جوئی کرنے پر غور کر رہے ہیں تاکہ آئندہ کسی حکومت یا انتظامیہ کو یہ ہمت نہ ہو کہ وہ غیرقانونی اقدامات کر سکے۔

نعیم الحق نے مزید کہا کہ کمیشن کا قیام اپوزیشن کا دیرینہ مطالبہ تھا جو پاکستان کے عوام کی جیت ہے اور مجھے امید ہے کہ نومبر کا مہینہ حکومت کا آخری مہینہ ثابت ہو گا۔

تبصرے (3) بند ہیں

Faisal Nov 01, 2016 07:33pm
Imran Khan is the Silver lining in the dark political/Military cloud that gripped Pakistan since 1947. Only a true leader deserves to lead a nation. I am ashamed to call (most of the)rest of the Politicians a "Leaders" And to PPP'S Saeed Ghani ' Aye Buddy... Imran Khan's Name will always be engraved in Gold Letters whenever the history of Our Beloved Pakistan will be written ...tell me ..Where would your name be ?
Naveed Chaudhry Nov 01, 2016 11:54pm
Assalam O Alaikum, I think it is good that politician opted a way out of fight in which they loose nothing but innocent or atleast commen men loosethier life. Let us accept that this is not a victory or defeat for anybody. Politicians are reflection of our society which is corrupt itself. We all talk of religion or moral values but do not follow it.
عدنان جِداکر Nov 02, 2016 10:24am
روزِ اول سے PTI کا موقف تھا ، استعفی یا تلاشی ۔ تلاشی پر راضی ہوگیا نواز شریف وہی حاسد دھرنا ملتوی ہونے پر واویلا کر رہے ہیں جو دھرنا دیتے وقت اس کی مخالفت کر رہے تھے۔ کچھ عظیم لوگ چاہ رہے تھے ، PTI دیگ تیار کرے ، کھاتے وقت وہ بھی شامل ہو جاءیں۔

کارٹون

کارٹون : 4 مارچ 2026
کارٹون : 3 مارچ 2026