'امیر اور مقبول پیدا ہونا کوئی استحقاق نہیں'

07 دسمبر 2016
ہریتھک روشن کی اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ ایک تصویر — فوٹو/ فائل
ہریتھک روشن کی اپنے دونوں بیٹوں کے ساتھ ایک تصویر — فوٹو/ فائل

عام طور پر کہا جاتا ہے کہ امیر اور مقبول ہونا کسی نعمت اور تحفے سے کم نہیں، تاہم بولی وڈ اداکار ہریتھک روشن اسے درست تسلیم نہیں کرتے۔

بولی وڈ کے خوبرو اداکار کا حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا کہ ان کے سپر اسٹار ہونے سے ان کے بیٹوں کو کسی قسم کا کوئی فائدہ نہیں۔

فلم فیئر کی ایک رپورٹ کے مطابق ہریتھک روشن کا کہنا تھا کہ 'امیر اور مقبول پیدا ہونا کوئی استحقاق نہیں، بلکہ اس کا نقصان ہی زیادہ ہے، بہت زیادہ عیش و آرام ملنے کے باعث آپ مطمئن اور سست ہوجاتے ہیں'۔

اپنے بیٹوں ریحان اور ریدھان کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ 'یہ دونوں ایک ایسے انسان کے بیٹے ہیں، جس نے اپنی زندگی میں اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا، 'میں اس بات کو یقینی بناتا رہا ہوں کہ میرے دونوں بیٹے اپنی ذمہ داری خود اٹھا سکیں، میں ان کا رہنما ہوں لیکن ان کو روکتا نہیں، میں انہیں آگے بڑھنے میں مدد دیتا ہوں، اگر انسان میں کوئی سب سے بڑی کمزوری ہے تو وہ فیصلہ نہ کرنا ہے اور میری کوشش ہے کہ میں اپنے دونوں بیٹوں میں فیصلہ کرنے کی ہمت پیدا کرسکوں'۔

اگر کام کے حوالے سے بات کی جائے تو ہریتھک روشن اس وقت اپنی فلم 'قابل' کی شوٹنگ میں مصروف ہیں، جس میں انہوں نے ایک نابینا شخص کا کردار ادا کیا، اس فلم میں اداکارہ یامی گوتمی اہم کردار ادا کرتی نظر آئیں گی۔

فلم 'قابل' اگلے سال 25 جنوری کو سینما گھروں میں نمائش کے لیے پیش کی جائے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں