اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے کراچی میں 6 سالہ بچی پر تشدد، مبینہ ریپ اور قتل کی کوشش کا ازخود نوٹس لے لیا۔

ریڈیو پاکستان کی ایک رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے انسپکٹر جنرل (آئی جی) سندھ پولیس اے ڈی خواجہ سے 48 گھنٹوں میں رپورٹ طلب کرلی۔

عدالت عظمیٰ نے حکم دیا کہ واقعے کا تمام پہلوؤں سے جائزہ لیا جائے۔

یاد رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے علاقے کورنگی کراسنگ میں نامعلوم ملزمان نے 6 سالہ بچی کو ریپ اور تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد مردہ تصور کرکے کچرا کنڈی میں پھینک دیا تھا جسے علاج کے لیے سول ہسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

مزید پڑھیں:کراچی: 6 سالہ بچی کا ریپ اور قتل کی کوشش

سول ہسپتال کے میڈیکولیگل آفیسر (ایم ایل او) نے بچی سے ریپ اور تشدد کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا تھا کہ بچی کے جسم پر تشدد کے نشانات تھے اور اس کا گلا کاٹنے کی کوشش بھی کی گئی۔

دوسری جانب متاثرہ بچی کے لواحقین کی تلاش کا کام بھی جاری ہے۔

اس سے قبل قائم مقام گورنر سندھ آغا سراج درانی نے بھی بچی سے زیادتی کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ اور اے آئی جی سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے ہدایات دی تھیں کہ ملزمان کو فوری گرفتار کیا جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں