اسمارٹ فونز کی دنیا کا سب سے بڑا سالانہ ایونٹ 26 فروری سے اسپین کے شہر بارسلونا میں شروع ہورہا ہے۔

یہ سالانہ ایونٹ جسے موبائل ورلڈ کانگریس کا نام دیا گیا ہے، کے دوران مشہور کمپنیوں کی جانب سے اپنی نئی ڈیوائس کو متعارف کرایا جاتا ہے جن میں سام سنگ، ایل جی، سونی، ہیواوے اور دیگر قابل ذکر ہیں۔

اس بار سام سنگ کی جانب سے تو اپنا نیا فلیگ شپ اسمارٹ فون گلیکسی ایس 8 متعارف نہیں کرایا جارہا جس کے بارے میں افواہیں ہیں کہ وہ کسی نئے آئی فون جیسا انقلابی ڈیوائس ثابت ہوسکتا ہے تاہم پھر بھی یہ جنوبی کورین کمپنی بھی ایونٹ میں کچھ ضرور سامنے لانے والی ہے۔

تو جانیں کہ اس بڑے ایونٹ میں کیا کچھ سامنے آنے والا ہے۔

ایل جی جی سکس

فوٹو بشکریہ دی ورج
فوٹو بشکریہ دی ورج

اس سال ایل جی کی جانب سے جی سکس نامی فلیگ شپ فون متعارف کرایا جارہا ہے جس میں 13 میگا پکسلز کے ڈوئل کیمرے بیک پر دیئے گئے ہیں جبکہ 18:9 ریشو اسکرین ہے، یہ گزشتہ سال کے جی فائیو کے مقابلے میں کافی بہتر فون نظر آتا ہے، اسی طرح یہ کمپنی اسی کا ایک چھوٹا ورژن ایل جی جی سکس کامپیکٹ کے نام سے بھی متعارف کراسکتی ہے۔

ہیواوے پی 10

فوٹو بشکریہ میش ایبل
فوٹو بشکریہ میش ایبل

چین سے تعلق رکھنے والی کمپنی سام سنگ اور ایپل کے بعد دنیا کی تیسری بڑی اسمارٹ فون کمپنی بن چکی ہے اور اس بار وہ موبائل ورلڈ کانگریس میں اپنے فلیگ شپ فون ہیواوے پی 10 کو سامنے لانے والی ہے۔ اس کا گزشتہ ماڈل یعنی پی نائن بھی متاثر کن فون تھا جو فوٹو گرافی اور دیگر فیچرز کے حوالے سے سراہا گیا تھا، جبکہ پی 10 کی لیکس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس بار بھی یہ خاص ڈیوائس ثابت ہوگی۔

سونی ایکسپیریا ایکس ٹو

ممکنہ ایکسپیریا ایکس ٹو — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا
ممکنہ ایکسپیریا ایکس ٹو — فوٹو بشکریہ جی ایس ایم ایرینا

سونی کی جانب سے اس بار ایکسپیریا ایکس سیریز کا نیا ماڈل اس ایونٹ میں متعارف کرائے جانے کا امکان ہے جو کہ ماضی کے مقابلے میں کافی دلچسپ فون ثابت ہونے والا ہے جس کی وجہ 23 میگا پکسل کا رئیر کیمرہ اور بٹن لیس فرنٹ اسکرین ہے، اس کمپنی کی جانب سے کئی اور ڈیوائسز بھی سامنے لائے جانے کا امکان ہے۔

نوکیا 3310 اور دیگر

فوٹو بشکریہ نوکیا
فوٹو بشکریہ نوکیا

یہ نوکیا کی کئی برسوں بعد دھماکا خیز واپسی ثابت ہوگی جو کہ 3310 کے ساتھ ساتھ ممکنہ طور پر تین اینڈرائیڈ اسمارٹ فونز اس ایونٹ میں سامنے لاسکتی ہے۔ فن لینڈ کی اس کمپنی کا جو فون سب سے زیادہ توجہ کا مرکز بن رہا ہے وہ ماضی کا 3310 ہی ہے جو اب کلر اسکرین کے ساتھ کچھ مختلف ہوگا جبکہ اس کی قیمت 63 ڈالرز ہوسکتی ہے۔

سام سنگ

فوٹو بشکریہ سام سنگ
فوٹو بشکریہ سام سنگ

دنیا کی سب سے بڑی اسمارٹ فون کمپنی اس سال تو کوئی فون متعارف نہیں کرارہی تاہم اس نے ایک پریس ایونٹ کا انعقاد کرانے کا ضرور اعلان کیا ہے جس میں متوقع طور پر گلیکسی ٹیب ایس تھری ٹیبلیٹ متعارف کرایا جاسکتا ہے جو کہ 2015 کے ٹیب ایس ٹو کا نیا ورژن ہوگا۔

اوپو

فوٹو بشکریہ اوپو
فوٹو بشکریہ اوپو

یہ چینی کمپنی اس ایونٹ میں کوئی گیم چینجر ڈیوائس سامنے لانے کا دعویٰ کررہی ہے جو اس کے بقول اسمارٹ فون فوٹو گرافی کو بدل کر رکھ دے گی تاہم اس کی تفصیلات اب تک سامنے نہیں آسکی ہیں۔

بلیک بیری، موٹرولا

بلیک مرکری— فوٹو بشکریہ بلیک بیری
بلیک مرکری— فوٹو بشکریہ بلیک بیری

بلیک بیری کا ڈیزائن کردہ آخری اسمارٹ فون مرکری اس ایونٹ میں سامنے لایا جائے گا جبکہ موٹرولا کا موٹو جی فائیو اور جی فائیو پلس بھی اس ایونٹ میں متعارف کرایا جائے گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں