'پاکستان میں پلیئرزایسوسی ایشن کیلئے کوشش کریں گے'

25 مارچ 2017
مصباح کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آسان نہیں لیں گے—فائل/فوٹو: اے ایف پی
مصباح کا کہنا ہے کہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم کا آسان نہیں لیں گے—فائل/فوٹو: اے ایف پی

ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق نے کھلاڑیوں کی میچ فیس میں اضافے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پلیئرزایسوسی ایشن بنانے کے لیے بورڈ اور کھلاڑیوں کو آمادہ کریں گے۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مصباح الحق کا کہنا تھا کہ 'میں چاہتا ہوں کہ پاکستان میں بھی پلیئرز ایسوسی ایشن بنے تاکہ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان رابطے ہوں اور کوئی بھی غلط فہمی پیدا نہ ہو'۔

پاکستان میں پلیئرزایسوسی ایشن کے حوالے سے پیش رفت پر بات کرتے ہوئے کامیاب کپتان نے کہا کہ 'بورڈ اور کھلاڑیوں دونوں کو مل کر کام کرنا ہوگا تب جا کر ایسوسی ایشن بنا سکتے ہیں'۔

انھوں نے کہا کہ 'اس حوالے سے پہلے بھی کرکٹ بورڈ سے بات کی تھی اور کھلاڑیوں سے بھی گفتگو کی تھی لیکن اس طرح کی چیزوں کو شروع کرنا مشکل ہوتا ہے لیکن بورڈ اور کھلاڑیوں کو آمادہ کرنے کی کوشش کریں گے تاکہ جو دیگر ممالک میں ایسی ایسوسی ایشنز کام کررہی ہیں ایسا کچھ پاکستان میں بھی ہوجائے تو بہت اچھا ہے'۔

مزید پڑھیں:’ڈومیسٹک کرکٹ میں بہتری لاکر تاریخ دہرا سکتے ہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ 'اس طرح کی ایسوسی ایشن کے ذریعے حل طلب مسائل پر بات کی جاسکتی ہے اور کئی مسائل کو حل کرسکتے ہیں'۔

ٹیسٹ کپتان نے کھلاڑیوں کی میچ فیس بڑھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 'بورڈ بھی اس حوالے سے آگاہ ہوگا کہ اس لیے ضروری نہیں ہے کہ ہم ان پر زور دیں جو بھی مناسب اضافہ ہوسکتا ہے وہ خود ضرور کریں'۔

یہ بھی پڑھیں:'ورلڈکپ 1992، فائنل کا ہر لمحہ آج تک یاد ہے'

ویسٹ انڈیز کے خلاف تینوں سیریز میں کامیابی کی امید ظاہر کرتے ہوئے مصباح نے کہا کہ 'ویسٹ انڈیز کی ٹیم آسان نہیں ہے کیونکہ ان کے پاس بھی چند کھلاڑی ہیں جو کسی بھی وقت مشکل پیدا کرسکتے ہیں، اس لیے پوری طاقت کے ساتھ میدان میں اترنا چاہیے'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'پاکستانی ٹیم تینوں طرز میں اچھی کارکردگی دہرائیں گے اور سیریز جیتنے کی کوشش کریں گے'۔

قومی ٹیم ٹی ٹوئنٹی سیریز کے لیے ویسٹ انڈیز پہنچ چکی ہے جہاں پہلے 4 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلی جائے گی جس کےبعد 3 ایک روزہ اور 3 ٹیسٹ میچ بھی کھیلے جائیں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں