بھارت: گرد آلود طوفان اور بارشوں سے 31 افراد ہلاک

17 اپريل 2019
مدھیا پردیش میں آج بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے 
—فوٹو: انڈو -ایشین نیوز سروس
مدھیا پردیش میں آج بھی تیز ہوائیں چلنے کا امکان ہے —فوٹو: انڈو -ایشین نیوز سروس

بھارت کی مختلف ریاستوں میں گرد آلود طوفان اور غیرموسمی بارشوں کے نتیجے میں کم از کم 31 افراد ہلاک ہو گئے۔

انڈیا ٹوڈے کی رپورٹ کے مطابق گجرات میں گرد آلود طوفان اور بارش کے نتیجے میں مختلف حادثات کے دوران 9 افراد ہلاک ہوئے۔

بارشوں اور گرد آلود طوفان کے نتیجے میں گجرات کے اضلاع احمدآباد، راج کوٹ، بانسکنتھا، پٹن، مہسانا، سبرکنتھا اور آنند شدید متاثر ہوئے ہیں۔

موسلادھار باش اور طوفان کے نتیجے میں مذکورہ علاقوں کی فصلیں تباہ ہوگئیں، اس کے ساتھ ہی مقامی مارکیٹ بھیجے جانے والی سبزیاں خراب ہونے سے سبزی فروشوں کا بھی بہت نقصان ہوا ہے۔

انڈیا میٹیرولوجیکل ڈپارٹمنٹ (آئی ایم ڈی ) نے آج ( 17 اپریل) کو گجرات کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

موسم کی صورتحال کے باعث سبرکنتھا میں بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کی آج ہونے والی ریلی مٹی کے طوفان کی وجہ سے ٹینٹ اکھڑنے کی وجہ سے منسوخ کردی گئی۔

مزید پڑھیں: بھارت: کیرالہ میں بارشوں سے ہلاکتوں کی تعداد 324 ہوگئی

مدھیا پردیش میں بھی طوفان سے شدید تباہی پھیلی جبکہ بجلی گرنے کے مختلف حادثات میں کم از کم 10 افراد کی ہلاکت کی اطلاعات موصول ہوئیں۔

محکمہ موسمیات نے مدھیا پردیش کے علاقوں نیموچ، مندسور، راج گڑھ،شاجاپور، بھوپال، ودیشا، اشوک نگر سمیت مختلف علاقوں میں تیز ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی ہے۔

— فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا
— فوٹو: پریس ٹرسٹ آف انڈیا

راجستھان میں طوفان کے نتیجے میں 9 افراد ہلاک اور 20 زخمی ہوئے جبکہ اودھے پور اور جھلاور سب سے زیادہ متاثر ہوئے۔

جھلاور میں 4 افراد ہلاک ہوئے جبکہ اودھے پور میں بجلی کے 8 سو پول اور 70 ٹرانسفارمر تباہ ہوگئے۔

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے ہماچل پردیش میں طوفان کی وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا کہ طوفان کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی۔

گزشتہ روز ہیماچل پردیش میں میدانی علاقوں میں تیزہواؤں کے ساتھ شدید بارش ہوئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت میں طوفانی بارش سے درجنوں افراد ہلاک

سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں نریندر مودی نے گجرات کے مختلف علاقوں میں طوفان اور غیرموسمی بارشوں کی وجہ سے قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ ’حکام حالات کا جائزہ لے رہے ہیں، متاثرین کی ہرممکن مدد کی جارہی ہے‘۔

نریندر مودی نے ٹوئٹ میں کہا کہ ’ پرائم منسٹر قومی ریلیف فنڈ سے مدھیا پردیش، راجھستان، منی پور اور ملک کے دیگر علاقوں میں طوفان اور غیر موسمی بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہلِ خانہ کے لیے فی کس 2 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے فی کس 50 ہزار روپے امداد کی منظوری دی گئی ہے‘۔

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے ٹوئٹ میں طوفان سے بارش کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے غم کا اظہار کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس ستمبر میں بھارتی ریاست کیرالہ میں مون سون کی طوفانی بارشوں کے نتیجےمیں 3 سو زائد افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

واضح رہے کہ بھارت میں جون سے شروع ہونے والا بارشوں کا سلسلہ ستمبر میں اختتام پذیر ہوتا ہے، بارشیں ملکی زراعت کے لیے تو سودمند ہیں لیکن دوسری جانب شدید تباہی کا باعث بھی بنتی ہیں جس میں ہر سال ہزاروں افراد لقمہ اجل بنتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں