کورونا وبا: ملک میں متاثرین ایک لاکھ 83 ہزار سے زائد، اموات 3628 ہوگئیں

اپ ڈیٹ 05 جولائ 2020
احتیاطی تدابیر میں سماجی دوری بھی شامل ہے—فائل فوٹو: اے پی
احتیاطی تدابیر میں سماجی دوری بھی شامل ہے—فائل فوٹو: اے پی

​پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد دن بدن بڑھتی جارہی ہے اور آج بھی نئے کیسز اور اموات کے بعد ملک میں مجموعی متاثرین کی تعداد ایک لاکھ 83 ہزار 300 ہوگئی جبکہ اموات 3 ہزار 628 تک پہنچ گئیں۔

سرکاری سطح پر فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملک میں پیر کو کورونا وائرس کے 3 ہزار 708 نئے کیسز اور 71 اموات کا اضافہ ہوا۔

خیال رہے کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ بگڑ رہی ہے اور یومیہ ہزاروں کی تعداد میں کیسز اور 100 سے زائد اموات ہورہی ہیں۔

اگرچہ اس وائرس کی روک تھام کے لیے حکومت اب اسمارٹ لاک ڈاؤن کی حکمت عملی پر کام کر رہی ہے جس کے تحت وائرس کے ہاٹ اسپاٹس والے علاقوں کو سیل کیا گیا ہے تاہم اس کے باوجود کیسز کی تعداد میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس کا پہلا کیس 26 فروری کو کراچی میں سامنے آیا، جس کے بعد 31 مارچ تک وائرس کے لگ بھگ 2 ہزار کیسز تھے جبکہ 18 مارچ کو ہونے والی پہلی موت کے بعد اموات کی تعداد 26 تک پہنچی تھیں۔

جس کے بعد اپریل میں کیسز کی تعداد ساڑھے 16 ہزار سے زائد جبکہ اموات 385 ہوگئیں، تاہم مئی میں صورتحال کافی تبدیل ہوئی اور 54 ہزار نئے کیسز کے اضافے سے 31 مئی تک یہ تعداد 71 ہزار سے بڑھ گئیں جبکہ اموات بھی 1500 سے تجاوز کرگئیں۔

رواں ماہ جون، اب تک کی صورتحال کے حساب سے سب سے زیادہ خطرناک رہا ہے اور اس کے گزشتہ 21 روز میں ایک لاکھ 8 ہزار سے زائد کیسز اور 2000 کے قریب اموات ہوچکی ہیں۔

آج (22 جون) کو ملک میں نئے کیسز اور اموات کا اضافہ ہوا تاہم صحتیاب ہونے والوں کی تعداد بھی بڑھی۔

سندھ

صوبہ سندھ میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد میں 1464 نئے مریضوں کا اضافہ ہوا جبکہ 14 اموات بھی رپورٹ کی گئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں صوبے میں ایک ہزار 464 افراد میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس سے مجموعی تعداد 71 ہزار 92 تک جا پہنچی۔

انہوں نے بتایا کہ صوبے میں مزید 14 افراد زندگی کی بازی ہار گئے جس سے اموات کی مجموعی تعداد 1103 ہوگئی۔

پنجاب

پنجاب میں کورونا وائرس کے کیسز میں 1204 جبکہ اموات میں 28 کا اضافہ ہوا۔

سرکاری سطح پر قائم پورٹل کے مطابق صوبے میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں ایک ہزار 204 نئے مریضوں میں وائرس کی تشخیص ہوئی جس کے بعد یہ تعداد 66 ہزار 943 ہوگئی۔

اسی طرح گزشتہ 24 گھنٹوں میں پنجاب میں مزید 28 اموات بھی ہوئیں، جس سے یہ تعداد 1407 سے بڑھ کر 1435 تک پہنچ گئی۔

اسلام آباد

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں بھی کورونا وائرس کے مزید 250 کیسز اور 3 اموات سامنے آگئیں۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اسلام آباد میں سامنے آنے والے ان نئے کیسز کے بعد مجموعی تعداد 10 ہزار 662 سے بڑھ کر 10 ہزار 912ہوگئی۔

اس کے علاوہ مزید 3 اموات سے یہ تعداد 98 سے بڑھ کر 101 تک جاپہنچیں۔

خیبر پختونخوا

محکمہ صحت خیبر پختونخوا نے کورونا کے 636 نئے کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد صوبے میں متاثرین کی تعداد 22 ہزار 633 ہوگئی،

صوبے میں مزید 22 مریض وائرس سے جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد یہاں اموات کی تعداد 843 ہوگئی ہے۔

بلوچستان

محکمہ صحت بلوچستان نے کورونا کے مزید 112 کیسز کی تصدیق کی جس کے بعد یہاں متاثرہ افراد کی تعداد 9587 ہوگئی۔

وائرس کا شکار ہو کر صوبے میں مزید 2 مریض جاں بحق بھی ہوئے جس کے بعد بلوچستان میں اموات کی تعداد 104 ہوگئی ہے۔

گلگت

وہیں گلگت بلتستان میں کورونا وائرس کے 10 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ ایک موت کی تصدیق ہوئی۔

اعداد و شمار کے مطابق گلگت بلتستان میں 10 نئے کیسز کے بعد مجموعی متاثرین 1278 سے بڑھ کر 1288 ہوگئے۔

مزید برآں وہاں ایک موت کی بھی تصدیق ہوئی جس سے یہ تعداد 21 سے بڑھ کر 22 ہوگئی۔

آزاد کشمیر

آزاد کشمیر جو اس وائرس سے اب تک سب سے کم متاثر تھا وہاں مزید 32 نئے کیسز کی تصدیق ہوگئی۔

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ان نئے کیسز کے بعد وہاں متاثرین 813 سے بڑھ کر 845 ہوگئے۔

اسی طرح اموات کی تعداد میں بھی ایک کا اضافہ ہوا اور یہ 19 سے بڑھ کر 20 ہوگئی۔

صحتیاب افراد

تاہم اس تمام صورتحال کے باوجود ملک میں صحتیاب ہونے والوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 3 ہزار 566 افراد شفایاب ہوگئے۔

ایک روز میں اتنی زیادہ تعداد میں لوگوں کا شفایاب ہونے سے اب تک ملک میں مجموعی طور پر صحتیاب ہونے والوں کی تعداد 67 ہزار 892 سے بڑھ کر 71 ہزار 458 ہوگئی۔

مجموعی صورتحال

ملک میں عالمی وبا کے کیسز، اموات اور صحتیاب افراد کی تعداد میں اضافے کے بعد اگر مجموعی صورتحال پر نظر ڈالیں تو وہ کچھ اس طرح ہے:

مصدقہ کیسز: 183300

اموات: 3628

صحتیاب: 71458

فعال کیسز: 108214

ملک میں اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر صوبے سندھ اور پنجاب ہیں، صوبہ سندھ میں کیسز 71 ہزار 92 ہیں تو وہیں پنجاب میں 66 ہزار 943 تک پہنچ چکے ہیں۔

صوبہ خیبرپختونخوا میں کورونا وائرس سے 21 ہزار 997 افراد متاثر ہوچکے ہیں جبکہ صوبہ بلوچستان میں وبا میں مبتلا ہونے والوں کی تعداد 9 ہزار 475 ہے۔

علاوہ ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 10 ہزار 912، گلگت بلتستان میں ایک ہزار 288 اور آزاد کشمیر 845 افراد عالمی وبا کا شکار ہوچکے ہیں۔

ملک میں اموات کی صورتحال کچھ یوں ہے:

پنجاب: 1435

سندھ: 1103

خیبرپختونخوا: 843

بلوچستان: 104

اسلام آباد: 101

گلگت بلتستان: 22

آزاد کشمیر: 20

تبصرے (0) بند ہیں