وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کے اسٹیٹ بینک سرکل نے حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔

’ڈان نیوز‘ کی رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے ترجمان نے کہا کہ اسٹیٹ بینک سرکل نے حوالہ ہنڈی اور منی لانڈرنگ میں ملوث عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا۔

بیان میں کہا گیا کہ اس کریک ڈاؤن کے دوران آن لائن جوا ایپلی کیشن استعمال کرنے میں ملوث خاتون سمیت 2 ملزمان گرفتار کیے گئے ہیں، ملزمان آن لائن جوا ایپلی کیشن سے حاصل غیر قانونی آمدنی اپنے اکاؤنٹس میں منتقل کر رہے تھے۔

ترجمان ایف آئی اے نے کہا کہ ملزمان کو بینک افسران کی معاونت اور سہولت کاری حاصل تھی۔

ایف آئی اے ترجمان کے مطابق ملزمان کے بینک اکاؤنٹس ان کی ظاہر شدہ آمدنی اور اثاثوں سے مطابقت نہیں رکھتے تھے، نامزد و دیگر ملزمان اور بینک افسران کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ایف آئی اے کے مطابق ملزم نےجرم سےحاصل شدہ آمدنی سےاپنی اہلیہ کےلیے مکان بھی خریدا، مکان خریدنے کےلیے ادائیگی مشتبہ بینک اکاؤنٹ سے کی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں