جیکب آباد اسلحہ اسمگلنگ کا معاملہ: وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بابل خان بھیو کا استعفیٰ منظور

24 اپريل 2024
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے مشیر بابل خان بھیو کا استعفیٰ منظور کرلیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے مشیر بابل خان بھیو کا استعفیٰ منظور کرلیا—فائل فوٹو: ڈان نیوز

جیکب آباد سے پکڑے گئے اسلحے کی اسمگلنگ میں ملوث ہونے کے الزام لگنے کے بعد اپنے استعفے کا اعلان کرنے والے وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر بابل خان بھیو کا استعفیٰ منظور کرلیا گیا۔

ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اپنے مشیر بابل خان بھیو کا استعفیٰ منظور کرلیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے ادھر جیکب آباد کے تھانہ مولاداد پولیس نے ایس ایچ او کی مدعیت میں اسلحہ اسمگلرز امتیاز لاشاری، توفیق گجر، ذاکر بھیو، نبیل بھیو کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

مقدمے میں اے ایس آئی امتیاز بھیو، اہلکار ثنااللہ، منگنھار اور بقا اللہ انڑ بھی نامزد کئے گئے تھے۔

ملزمان دہشت گردی کے لیے اسلحہ بلوچستان سےاسمگل کر رہے تھے، اسمگلنگ میں استعمال ہونے والی ویگو گاڑی مبینہ طور پر سندھ کابینہ کے رکن کے زیر استعمال نکلی تھی جبکہ انہوں نے گاڑی کی ملکیت سے انکار کرتے ہوئے انکوائری مکمل ہونے تک استعفیٰ دینے کا اعلان کیا تھا۔

بابل خان بھیو کا کہنا تھا کہ گزشتہ روز جیکب آباد سے پگڑے گئے اسلحہ پر غیر ضروری سیاست کی گئی، الزام لگا کر ان کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، ان کا اس واقعے سے کسی قسم کاکوئی تعلق ہے، اور نہ ہی کوئی واسطہ ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ حکومت سندھ واقعے کی غیر جانبدارانہ تحقیقات کرائے اور ان کا استعفیٰ فوری منظور کرکے انکوائری شروع کی جائے۔

ان کا کہنا تھا کہ مستعفی ہونے کا مقصد صاف شفاف اور غیر جانبدارانہ انکوائری کرانا ہے اور انکوائری کی رپورٹ پبلک کی جائے۔

تبصرے (0) بند ہیں