وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وفاقی حکومت سے حق دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر ایسا نہ ہوا تو حکومت گرا کر اسلام آباد پر قبضہ کر لیں گے۔

ڈان نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے گزشتہ روز خیبرپختونخوا ہاؤس پشاور میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے یوم تاسیس کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ملک کے آئین اور قانون پر عمل سب پر فرض ہے نا کہ مقدمات اور گرفتاریوں سے دبانا۔

انہوں نے کہا کہ ان کا ایجنڈا بانی پی ٹی آئی کو مائنس کرنا ہے لیکن سب سن لیں بانی پی ٹی آئی کو کوئی مائنس نہیں کرسکتا، بانی پی ٹی کی تربیت ہے کہ ملکی ادارے ہمارے ہیں اور یہ ہمیں عزیز ہیں۔

اسلام آباد آئے تو واپس جانا ناممکن ہوجائے گا، سعد رفیق

بعد ازاں حکومتی جماعت مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما سعد رفیق نے وزیر اعلی کی جانب سے اسلام آباد پر دھاوے کی دھمکی کو نہایت سنگین معاملہ قرار دے دیا۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا کہ اسلام آباد پر قبضے کے لیے پی ٹی آئی کی خیبرپختونخوا حکومت ماضی میں بھی وفاق پر حملے کرتی رہی ہے لیکن نتیجہ انتشار، نفرت اور معاشی تباہی میں بڑھاوے کے سوا کچھ نہیں نکلا۔

سعد رفیق نے خبردار کیا کہ اس بار بھی اسلام آباد پر چڑھائی اور قبضہ کرنے آئے تو بطور حکمران ان کے لیے واپس جانا ناممکن ہو جائے گا۔

رہنما مسلم لیگ (ن) نے مشورہ دیا کہ نیا 9 مئی کرنے کے بجائے اپنی لمبی زبانیں اور ہاتھ پاؤں لپیٹ کر عقل کا استعمال کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں