بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ ان انڈیا(بی سی سی آئی) کے نائب صدر راجیو شکلا نے کہا ہے کہ اگلے سال پاکستان میں ہونے والی چیمپیئنز ٹرافی میں اگر بھارتی حکومت نے اجازت دی تو ہی بھارتی ٹیم کو پاکستان بھیجیں گے۔

بھارتی خبر رساں ادارے این ڈی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی اگلے سال فروری سے مارچ تک پاکستان میں کھیلی جائے گی اور بھارتی میڈیا میں یہ خخبریں زیر گردش ہیں کہ شاید بھارتی ٹیم ایونٹ کے لیے پاکستان نہ جائے۔

پاکستان اور بھارت کے درمیان جاری تناؤ کے سبب بھارتی ٹیم نے 2008 میں ہونے والے ایشیا کپ کے بعد سے پاکستان کا دورہ نہیں کیا۔

دونوں ٹیموں کے درمیان دسمبر 2012 اور جنوری 2013 میں آخری مرتبہ دوطرفہ ٹی20 اور ون ڈے سیریز کھیلی گئی تھی لیکن اس کے بعد سے کشیدہ تعلقات کی وجہ سے دونوں روایتی حریف صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے مقابلوں میں ہی آمنے سامنے آتے ہیں۔

راجیو شکلا نے کہا کہ جہاں تک چیمپیئنز ٹرافی کی بات ہے تو ہم وہیں کریں گے جو بھارتی حکومت ہمیں کہے گی، ہم اپنی ٹیم صرف اسی صورت میں بھیجیں گے اگر بھارتی حکومت ہمیں اجازت دے گی تو ہم بھارتی حکومت کے فیصلے کے مطابق چلیں گے۔

پاکستان کو گزشتہ سال ایشیا کپ کے دوران ہائبرڈ ماڈل اپنانا پڑا تھا اور پاکستان اور بھارت کے درمیان میچ سمیت پاکستان نے متعدد میچوں کی میزبانی سری لنکا میں کی تھی۔

پاکستان نے گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت نہ جانے کی دھمکی دی تھی لیکن پھر حکومت سے مںظوری کے بعد پاکستان ٹیم نے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا سفر کیا تھا اور قومی ٹیم نے عالمی کپ کے پہلے ہی راؤنڈ میں باہر ہونے سے قبل بھارت کے پانچ شہروں میں میچز کھیلے تھے۔

گزشتہ دنوں پاکستان کرکٹ بورڈ نے بھارت کی سہولت کے لیے پڑوسی ملک کے تمام میچز بھارت میں رکھنے کے ساتھ ساتھ بھارتی شائقین کو بھی سہولت فراہم کرنے کی پیشکش کی تھی۔

دو ہفتوں پر محیط چیمپیئنز ٹرافی کے میچز پاکستان نے لاہور، کراچی اور راولپنڈی میں کرانے کی پیشکش کی تھی اور ایونٹ کا فائنل لاہور میں رکھا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں