ایشون کا کرشمہ، بھارت کی حیدرآباد ٹیسٹ میں شاندار فتح
حیدرآباد دکن: بھارت نے روی چندرن ایشون کی کرشماتی بولنگ کی بدولت نیوزی لینڈ کو پہلے ٹیسٹ میں ایک اننگ اور ایک سو پندرہ رنز سے شکست دے دی۔
حیدر آباد دکن کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کی دوسری اننگ میں بھی کیوی بیٹنگ لائن انڈین اسپنرز کے آگے ناکام رہی اور کھیل کے چوتھے ہی روز تمام کھلاڑی پویلین واپس لوٹ گئے۔
نیوزی لینڈ نے کھیل کے چوتھے روز اپنی نامکمل دوسری اننگ کا اکتالیس رن ایک کھلاڑی آؤٹ سے دوبارہ آغاز کیا تو برینڈن میک کولم اور ولیمسن نے اسکور کو 98 تک پہنچایا۔
اسی اسکور پر میک کولم بیالیس رنز بناکر امیش یادو کی گیند پر وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کے جرم میں آؤٹ قرار دیے گئے۔ اسکور میں صرف سات رنز کے اضافے سے کیوی قائد روز ٹیلر ایشون کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔
ولیمسن نے ڈینئل فائن کے ساتھ مل کر اسکور کو 138 تک پہنچایا تاہم اس کے بعد بھارتی اسپنرز نیوزی لینڈ کے بلے بازوں پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے۔
باون رنز بنانے والے ولیمسن 138 کے مجموعے پر اوجھا کی گیند پر سہواگ کو کیچ دے بیٹھے۔ اسکور 142 تک پہنچا تو ڈینئل فلائن بھی گیارہ بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اسکور میں صرف تین رنز کے اضافے سے جیمز فرینکلن بھی ایشون کا شکار بن گئے جبکہ مزید تین رنز کے اضافے سے اوجھا نے بریسول کو پویلین چلتا کیا۔
ایک سو ساٹھ کے مجموعی اسکور پر تیرہ رنز بنانے والے نیزی لینڈ کے وکٹ کیپر کروگر وین وائک ایشون کی پرفریب بولنگ کا چوتھا نشانہ بنے۔
ایک سو چونسٹھ کے مجموعے پر ایشون نے ایک ہی اوور میں بولٹ اور مارٹن کی وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی شاندار فتح پر مہر ثبت کردی۔
نیوزی لینڈ کی پہلی اننگ کی طرح دوسری اننگ میں بھی اسپنرز نے آپس میں نو جبکہ میچ میں مجموعی طور پر اٹھارہ وکٹوں کا بٹوارہ کیا۔
روی چندرن ایشون نے شاندار بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگ میں بھی چھ وکٹیں حاصل کر کے میچ میں اپنی وکٹوں کی تعداد بارہ کرلی۔ پراگیان اوجھا نے اننگ میں تین جبکہ میچ میں چھ وکٹیں اپنے نام کیں۔
ایشون کو میچ میں پچیاسی رنز کے عوض بارہ وکٹیں حاصل کرنے پر مین آف دی میچ کے اعزاز سے نوازا گیا۔
میچ میں دونوں ٹیموں کا اسکو یہ رہا۔ انڈیا پہلی اننگ 438 رنز آل آؤٹ، نیوزی لینڈ پہلی اننگ 159 رنز آل آؤٹ، فالو آن کے بعد دوسری اننگ 164 رنز آل آؤٹ۔
دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا دوسرا اور آخری ٹیسٹ میچ 31 اگست سے بنگلور میں کھیلا جائے گا۔












لائیو ٹی وی