مینڈس زمبابوے پر قہر بن کر ٹوٹ پڑے، سری لنکا کامیاب
ہمبنٹوٹا: اجانتھا مینڈس کی تباہ کن بولنگ کی بدولت سری لنکا نے زمبابوے کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں بیاسی رنز سے شکست دیدی۔
اجانتھا مینڈس نے تی ٹوئنٹی کرکٹ کی تاریخ کی بہترین بولنگ کرتے ہو صرف آٹھ رنز دے کر چھ وکٹیں حاصل کیں۔ دوسری جانب جیون مینڈس نے بھی ان کا بخوبی ساتھ نبھاتے ہوئے تین کھلاڑیوں کو پویلین واپسی کی راہ دکھائی۔
زمبابوے کے کپتان برینڈن ٹیلر نے ٹاس جیت کر سری لنکا کو پہلے کھیلنے کی دعوت دی۔
سری لنکا کی جانب سے اوپنرز دلشان موناویرا اور تلکارتنے دلشان نے اپنی ٹیم کو 54 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا۔ اس موقع پر موناویرا وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں 17 رنز بناکر رن آؤٹ ہو گئے۔
نئے آنے والے بیٹسمین کپتان مہیلا جے وردنے نے دلشان کے ساتھ مل کر اسکور کو 75 تک پہنچایا تاہم اس موقع پر دلشان 39 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔
اسکور میں سات رنز کے اضافے سے سری لنکن کپتان بھی صرف 13 رنز بناکر پویلین چلتے بنے۔
اس کے بعد کریز پر یکجا ہونے والے کمار سنگاکارا اور جیون مینڈس نے چوتھی وکٹ کیلیے 94 رنز کی شراکت قائم کی۔ سنگاکارا بھی 44 رنز بنانے کے بعد رن آؤٹ ہوئے۔
مقررہ اوورز کے اختتام تک سرلنکا نے چار وکٹ کے نقصان پر 182 رنز بنا کر زمبابوے کو جیت کیلیے 183 رنز کا ہدف دیا ہے۔
جیون مینڈس نے 43 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔ سری لنکن اننگ میں تین کھلاڑی رن آؤٹ ہوئے۔
جواب میں امبابوے نے اننگ کا آغاز کیا تو ہملٹن مساکیڈزا اور ووسی سبانڈا نے ابتدائی پانچ اوورز تک ہدف کی جانب کامیاب پیش قدمی جاری رکھی تاہم اجنتھا مینڈس نے کئی ماہ بعد ٹیم میں واپس آتے ہی زمبابوین بیٹنگ پر قہر ڈھا دیا۔
انہوں نے اپنے پہلے اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر لگاتار وکٹیں حاصل کرکے زمبابویں صفوں میں افرا تفری مچادی۔
انہوں نے اپنے اگلے اوور میں 20 رنز بنانے والے مساکیڈزا کو بھی پویلین چلتا کیا۔ مینڈس کے بولنگ سے ہٹائے جانے پر زمبابوے کے کھلاڑیوں نے کچھ سکون کا سانس لیا تاہم دو اوور بعد ہی بولنگ کیلیے لائے جانے والے ایک اور مینڈس "جیون مینڈس" نے حریف کھلاڑیوں کی خبر لینا شروع کردی۔
انہوں نے اپنے ایک اوور میں کریگ ارون اور میلکم والر کو پویلین چلتا کیا۔
دوسری جانب اجنتھا نے بولنگ پر واپس آتے ہی دوبارہ زمبابوے کے کھلاڑیوں پر ستم ڈھانا شروع کردیا۔ انہوںنے اپنے پہلے اوور میں ایک اور پھر دوسرے دو وکٹیں حاصل کر کے ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں اپنا ہی بہترین بولنگ کا ریکارڈ توڑ دیا۔
اس ےس قبل اجنتھا نے سولہ رن دیکر چھ اپنے نام کی تھیں۔
دوسری جانب جیون نے 93 رنز کے مجموعی اسکور پر زمبابوے کو نویں وکٹ سے بھی محروم کردیا۔ ٹیل اینڈرز نے جیسے تیسے اپنی ٹیم کے سو رنز مکمل کرائے تاہم اسی مجموعے پر ملنگا نے حریف بیٹنگ کی بساط لپیٹتے ہوئے اپنی ٹیم کی 82 رنز سے فتح پر مہر ثبت کردی۔
اجنتھا مینڈس کو تباہ کن بولنگ کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی چنا گیا۔
ٹورنامنٹ کا اگلا میچ پچھلے ایونٹ کی فائنلسٹ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا۔












لائیو ٹی وی