Dawnnews Television Logo

سیکنڈ جنریشن آڈی کیو 3، تمام اہم خصوصیات سے مزین

3 گیسولین اور ایک ڈیزل انجن چوائس کے ساتھ شامل ہیں،جو گاڑی کو 169 کلوواٹ تک کی طاقت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں
شائع 18 اکتوبر 2018 08:27pm

سیکنڈ جنریشن آڈی کیو 3 ایک ایس یو وی فیملی ہے۔ یہ ایک کمپیکٹ کراس اوور ہے جس میں ہر قسم کی خصوصیات دستیاب ہیں۔

گاڑی کے بیرونی ڈیزائن کا اپنا ہی الگ رعب ہے اور گاڑی کا اندرونی حصہ کافی کشادہ ہے جبکہ نئی تبدیلیاں اور باریکیاں گاڑی میں شامل زبردست اور پہلے سے بہتر مجموعی کارآمد فنکشنز میں مزید اضافہ کردیتی ہیں۔

اس کے ساتھ ساتھ اپنے گزشتہ ماڈل کے مقابلے میں نئی کیو 3 کافی چھوٹی ہے۔

گاڑی کو سائیڈ سے دیکھنے پر ڈیزائن میں ایک نمایاں خوبی نظر آجاتی ہے، اور وہ ہے ہیڈ اور ٹیل لائٹس کے متوازن لائٹنگ گرافکس۔

شولڈر لائن ان سب کو بڑی نفاست کے ساتھ آپس میں ملادیتی ہے، جس کی وجہ سے وہیل آرکس پر موجود مسل نما ابھار ڈیزائن میں ایتھلیٹک تاثر پیدا کردیتا ہے۔

ایس یو ویز میں سب سے چھوٹی یہ کیو 3 اب بڑی ہوچکی ہے، اور اس کے ساتھ ساتھ پہلے سے زیادہ پراعتماد اور پرکشش بھی ہوگئی ہے۔

گاڑی کے کری ایٹو ڈیزائن مرحلے کے دوران ہمارے ذہن میں صرف ایک ہی لفظ تھا اور وہ لفظ تھا توازن۔

توازن ایک ایسی چیز ہے جسے ہم اپنی روزمرہ کی زندگیوں میں تلاش کرنے کی ہرممکن کوشش کرتے ہیں۔ یہی نہیں توازن کو ہم اپنے ارد گرد کے ماحول اور ارد گرد کی تمام چیزوں میں بھی تلاش کرنے کی پوری کوشش کرتے ہیں۔

ہم اس نئی کیو 3 میں ہر طرح سے توازن شامل رکھنا چاہتے تھے نہ صرف اس کے فنکشن میں کہ کس طرح یہ کام کرتی ہے یا لوگ کس طرح اسے استعمال کرتے ہیں، بلکہ اس کے ڈیزائن میں بھی توازن رکھنا چاہتے تھے کہ کس طرح یہ گاڑی نظر آئے اور لوگوں کو چلانے میں محسوس ہو۔

کنٹرولز کو اسٹک شفٹ کے اوپر موجود دوسری ٹچ اسکرین پر منتقل کرنے کے بجائے آڈی نے 10 اعشاریہ 1 انچ آپشنل ڈسپلے کے نیچے کنوینشنل کلائمیٹ کنٹرولز نصب کیے ہیں۔

موبائل فونز ، فلیش لائٹس اور دیگر ڈیوائسز کو چارج کرنے کے لیے گاڑی میں ایک وائرلیس چارجنگ اسٹیشن بھی موجود ہے۔

گاڑی کی ایک اور قابلِ ذکر خاصیت ہے اس کی ایل ای ڈی لائٹنگ، جسے آپ اپنی مرضی کے رنگ پر سیٹ کرسکتے ہیں۔

کسی بھی کمپیکٹ ایس یو وی کی ایک اہم خاصیت اس کی ڈگی ہوتی ہے۔ اس میں گنجائش کا دارومدار بیک سیٹ بینچ کی پوزیشن پر ہے لہٰذا ڈگی میں کارگو گنجائش 530 اور 675 لیٹرز کے درمیان دستیاب ہوسکتی ہیں۔ سیٹ فولڈ کرنے پر یہ گنجائش 1525 لیٹرز ہوجاتی ہے۔

آڈی کی نئی کیو 3 ابتدائی طور پر 4 انجنز کی چوائس کے ساتھ دستیاب ہے۔ جن میں فرنٹ یا کواٹرو آل وہیل ڈرائیو کے ساتھ تین گیسولین اور ایک ڈیزل انجن شامل ہے، جو گاڑی کو 110 کلوواٹ سے لے کر 169 کلوواٹ کی طاقت فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ یہ سب ڈائریکٹ انجیکشن کے ساتھ فور سلنڈر ٹربو چارجڈ انجز ہیں۔

جبکہ ٹرانسمیشن 6 مینوئل اور کوئیک شفٹنگ 7 اسپیڈ ایس ٹانک آٹومیٹک میں دستیاب ہے۔

آڈی کے ڈینئل بینر بتاتے ہیں کہ آل وہیل ڈرائیوز کے لیے نئی ماڈل کے ہیلڈیکس سسٹم کے ساتھ جدید ترین سسپینشن شامل کیے گئے ہیں۔ یہ سسٹم پرمننٹ آل وہیل ڈرائیو کو تقریباً یقینی بناتا ہے جسے پھر ضرورت پڑنے پر فرنٹ وہیل ڈرائیو کے ساتھ تبدیل بھی کیا جاسکتا ہے۔

آڈی کے ڈرائیو سیلکٹ کو استعمال کرتے ہوئے مختلف ڈرائیونگ موڈز سیٹ کیے جاسکتے ہیں۔

ڈینئل بینر مزید بتاتے ہیں کہ کیو 3 میں آپ اپنی مرضی کے ڈرائیو نگ موڈ کا انتخاب کرسکتے ہیں۔ آٹو موڈ بیلینسڈ کونفی گریشن سیٹ کرتا ہے۔ ڈائنامک اسپورٹی ڈرائیونگ اسٹائل کو پسند کرنے والے خریداروں کے لیے سسپینشن کو کسا ہوا رکھتا ہے اور پھر ہے کمفرٹ جس میں آپ اپنی پسندیدہ ڈرائیونگ کے انداز کے مطابق بہترین ایڈجسٹمنٹ کرنے کے لیے سسپینشن میں رد و بدل کرسکتے ہیں۔

نئی کیو 3 ہنگری کے شہر جوئر میں واقع آڈی کے پلانٹ میں تیار ہے، جو اس نومبر کو چند یورپی ممالک کی مارکیٹوں میں پہنچ جائے گی۔

جرمنی میں کیو 3 کی قیمت 30 ہزار یوروسےزائد ہوگی، البتہ گزشتہ ماڈل کی قیمت 29 ہزار سے تھوڑی زیادہ ہی تھی۔

یہ تحریر ڈوئچے ویلے (ڈی ڈبلیو) کے اشتراک سے تحریر کی گئی۔

ترجمہ: ایاز احمد لغاری —ایڈیٹر : فرحان محمد خان