کھیل

دبئی: سنسنی خیز مقابلے میں سری لنکا کامیاب

سری لنکا نے دوسرے ایک روزہ میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 2 وکٹ سے فتح حاصل کر کے سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

دبئی: سری لنکا کے خلاف دوسرے ایک روزہ میچ میں احمد شہزاد کی سنچری رائیگاں گئی جہاں مہمان ٹیم نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد دو وکٹ سے فتح حاصل کر کے سیریز ایک ایک سے برابر کر دی۔

سری لنکا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تو کیریئر کا دوسرا میچ کھیلنے والے شرجیل خان دوسرے ہی اوور میں وکٹوں کے سامنے پیڈ لانے کی پاداش میں آؤٹ قرار دیے گئے۔

محمد حفیظ اور احمد شہزاد نے ابتدائی نقصان کا ازالہ کرتے ہوئے دوسری وکٹ کے لیے 76 رنز جوڑے، اس دوران دونوں ہی کھلاڑیوں کو کیچ چھوٹنے کی صورت میں نئی زندگیاں ملیں۔

لیکن گزشتہ میچ کے سنچری میکر حفیظ اس موقع کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے اور 34 رنز بنا کر ایک غلط رن لینے کی کوشش میں رن آؤٹ ہو گئے۔

صہیب مقصود کی اننگ بھی 18 رنز تک محدود رہی اور وہ وکٹ پر سیٹ ہونے کے بعد ایک غلط شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سکوگے پرسنا کو وکٹ دے بیٹھے۔

دوسرے اینڈ پر موجود احمد شہزاد نے ڈراپ کیچ کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک روزہ کرکٹ میں اپنی چوتھی سنچری مکمل کر لی، انہوں نے کپتان مصباح الحق کے ساتھ چوتھی وکٹ کے لیے 105 رنز کی اہم شراکت قائم کی۔

شہزاد آٹھ چوکوں سے مزین 124 رنز کی اننگ کھیلنے کے بعد کولاسیکرا کی وکٹ بنے۔

شاہد آفریدی نے اختتامی اوورز میں کپتان کا بھرپور ساتھ نبھایا اور 15 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 30 رنز بنا کر اسکور کو 284 تک پہنچا دیا جبکہ مصباح نے 59 رنز کی اننگ کھیلی۔

جواب میں سری لنکا نے بلے بازی شروع کی تو اوپنرز نے 49 رنز کا اچھا آغاز فراہم کیا لیکن اسی مجموعے پر پریرا وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں پویلین لوٹے جبکہ اسکور میں 16 رنز کے اضافے سے تلکارتنے دلشان بھی رن آؤٹ ہو گئے۔

اس موقع پر تجربہ کار سنگاکارا اور چندیمل نے اسکور کو بتدریج آگے بڑھانا شروع کیا اور تیسری وکٹ کے لیے قیمتی 94 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی۔

اس موقع پر سری لنکا کا میچ میں پلا بھاری نظر آتا تھا لیکن مہمان ٹیم اس دوران 14 رنز کے اضافے سے تین اہم وکٹیں گنوا بیٹھی۔

سعید اجمل نے سنگاکارا کی وکٹیں بکھیر کر شراکت کا خاتمہ کیا جنہوں نے آؤٹ ہونے سے قبل 58 رنز بنائے جبکہ جنید خان نے چندیمل اور تھسارا پریرا کو باؤلڈ کر کے میچ میں پاکستان کا پلہ بھاری کر دیا۔

لیکن پاکستانی ٹیم اس موقع سے فائدہ اٹھانے میں ناکام رہی اور اینجلو میتھیوز اور کولاسیکرا نے 57 رنز کی شراکت قائم کر کے پاکستانی باؤلرز کے اوسان خطا کر دیے۔

اس موقع پر ایک بار پھر میچ میں سنسنی پیدا ہوئی اور آفریدی اور جنید نے یکے بعد دیگرے دو وکٹیں حاصل کر کے میچ کو برابر کر دیا۔

تاہم دوسرے اینڈ پر موجود میتھیوز نے کپتانی کا فرض ادا کرتے ہوئے اہم موقع پر 47 رنز کی اننگ کھیلنے کے ساتھ ساتھ ہاری بازی اپنی ٹیم کے حق میں پلٹ دی۔

آفریدی ے آخری اوور میں میتھیوز کو پویلین چلتا کیا لیکن تب تک بہت دیر ہو چکی تھی اور سری لنکا نے دو گیند قبل ہدف حاصل کر کے میچ میں فتح حاصل کر لی۔

زخمی ہونے کے باوجود فتح گر اننگ کھیلے پر سری لنکن کپتان میتھیوز کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا

اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی سیریز 1-1 سے برابر ہو گئی ہے جہاں ابتدائ میچ میں پاکستان نے فتح حاصل کی تھی۔

سیریز کا تیسرا میچ اتوار کو شارجہ میں کھیلا جائے گا۔