میتھیوز کی سنچری کی بدولت ابوظہبی ٹیسٹ ڈرا
ابوظہبی: پاکستان اور سری لنکا کی کرکٹ ٹیموں کے درمیان تین ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا ٹیسٹ ڈرا ہوگیا۔
پانچویں اور آخری روز سری لنکا نے اپنی دوسری اننگز 480 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر ڈیکلیئر کرکے پاکستان کو جیت کیلئے 302 رنز کا ہدف دیا۔
اینجلو میتھیوز نے 157 رنز کی دلکش اننگز کھیلی اور آؤٹ نہیں ہوئے جبکہ پراسانا جیاوردنے 63 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں کھیل کے اختتام تک 2 وکٹوں کے نقصان پر 158 رنز بنائے۔
احمد شہزاد نے نصف سنچری سکور کی جبکہ محمد حفیظ 80 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
ہفتہ کو شیخ زید سٹیڈیم، ابوظہبی میں ٹیسٹ کے پانچویں اور آخری روز سری لنکا نے اپنی دوسری نامکمل اننگز 420 رنز 5 کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو 60 رنز کے اضافے کے بعد 480 رنز پر اننگز ڈیکلیئر کر کے پاکستان کو جیت کیلئے 302 رنز کا ہدف دے دیا۔
اینجلو میتھیوز نے کیریئر بیسٹ اننگز کھیلتے ہوئے ناقابل شکست 157 رنز بنائے جبکہ پراسانا جائے وردنے 63 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ پاکستان کی اننگز کا آغاز اچھا نہ تھا اور اس کی پہلی وکٹ 24 کے مجموعی سکور پر گر گئی جب خرم منظور 8 رنز بنانے کے بعد سرنگا لکمل کی گیند پر پراسانا جائے وردنے کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔
اس کے بعد احمد شہزاد اور محمد حفیظ نے ذمہ داری سے بیٹنگ کی اور 101 رنز کی شراکت قائم کرکے ٹیم کا سکور 125 تک پہنچا دیا، احمد شہزاد پاکستان کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی تھے جو 55 رنز کی عمدہ اننگزکھیلنے کے بعدرنگنا ہیراتھ کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔
آخری روز کھیل کے اختتام تک محمد حفیظ اور یونس خان نے مزید کوئی نقصان نہ ہونے دیا اور سکور 158 تک پہنچا دیا۔ اس طرح یہ میچ ہار جیت کے فیصلے کے بغیر ختم ہوگیا۔
محمد حفیظ نے 80 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، یونس خان 13 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
سری لنکا کی جانب سے سرنگا لکمل اور رنگنا ہیراتھ نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ س
ری لنکا کے کپتان اینجلو میتھیوز کو 157 رنز کی دلکش اننگز کھیلنے پر مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔