Dawn News Television

شائع 10 فروری 2014 04:03pm

شبانہ اعظمی سندھ فیسٹیول میں

پاکستان کے تاریخی اور ثقافتی ورثے کی ترویج کے لیے جاری سندھ فیسٹیول کے سلسلے میں ہونے والے عالمی فلمی میلے میں شرکت کے لیے ہندوستانی اداکار شبانہ اعظمی اور برطانوی اداکار راجر ایشٹن گرفتھس سمیت کئی ممتاز اداکار، ہدایتکار اور فلمی ہستیاں کراچی پہنچ گئی ہیں۔

ہندوستانی اداکار کو خاص طور پر بلاول بھٹو زرداری نے سندھ فیسٹیول میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

اس موقع پر اداکار کا کہنا تھا کہ وہ دوبارہ کراچی آکر بہت خوش ہیں اور انہیں یہاں آکر بہت اچھا لگتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ملکوں کے لوگوں کی خاص بات یہ ہے کہ ہمارے رابطے ہمیشہ رہتے ہیں ساتھ ہی ہم ایک دوسرے کے آرٹ اور کلچر کی بھی بہت قدر کرتے ہیں اور دونوں ملکوں کے لوگوں میں بہت سی چیزیں یکساں ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ فیسٹیول میں خاص طور پر ان فلموں میں سے منتخب فلموں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے جو ’رین ڈانس سلیکشن‘ اور 'انڈیپینڈنٹ فلم ٹرسٹ‘ کے اشتراک سے ہونے والے 21 ویں فلم فیسٹیول میں دکھائی گئی تھیں۔

یہ عالمی فلم فیسٹیول 25 ستمبر سے چھ اکتوبر 2013 کے دوران منعقد ہوا تھا۔

شبانہ اعظمی جنوبی ایشیا کی جانی پہچانی اداکار ہیں جب کہ راجر ایشٹن گرفتھس اداکار، ہدایتکار اور فلم ساز ہیں۔ وہ ووڈی ایلن اور مارٹن سوکارسی سمیت کئی بڑے ہدایت کاروں کی فلموں میں اپنے فن کا مظاہرہ کرچکے ہیں۔

اعظمی کے مطابق، میں تو آرٹسٹ ہوں مجھے جہاں کام کرنے کا موقع ملے گا، وہاں کام کروں گی، ویزا ملا اور کام ملا تو پاکستان میں بھی فلموں میں ضرور کام کروں گی اور میری خواہش ہے کہ پاکستان اور ہندوستان مشترکہ طور پر فلم سازی کریں۔

سندھ فلم فیسٹیول کے دوران کئی ممتاز ڈائریکٹر اور پروڈیوسر بھی موجود ہوں گے جو سوالوں جوابوں پر مبنی اجلاسوں میں حصہ لیں گے۔

Read Comments