دنیا

کوریا: خاتون مردہ شوہر کے ساتھ سات سال تک رہیں

جنوبی کوریا کی ایک خاتون اپنے شوہر کی لاش کے ساتھ رہتے ہوئے پائی گئیں جو سات سال قبل سرطان کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔

سیئول: جنوبی کوریا کی ایک خاتون اپنے شوہر کی لاش کے ساتھ رہتے ہوئے پائی گئیں جو سات سال قبل سرطان کی وجہ سے ہلاک ہوگئے تھے۔

پولیس اور میڈیا رپورٹس نے بدھ کے روز کہا کہ خاتون نے اپنے شوہر کی لاش کو محفوظ کرکے رکھا ہوا تھا۔

سینتالیس سالہ خاتون فارماسسٹ کی شناخت صرف 'شو' کے طور پر کی گئی ہے۔

مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے اپنے آنجہانی شوہر کی لاش 2007ء میں اس کی موت کے بعد سے سیئول میں اپنے اپارٹمنٹ میں رکھی ہوئی تھی۔

سیئول کے ایک پولیس اہلکار نے اے ایف پی کو بتایا کہ ایک خفیہ اطلاع ملنے کے بعد اس لاش کو برآمد کیا گیا تاہم لاش کے گلے سڑے ہونے کے کم ہی اشارے ملے ہیں۔

اہلکار نے بتایا 'یہ لاش صاف ستھری تھی اور اسے اچھی طرح سے رکھا گیا، ہم نہیں جانتے کہ یہ کیسے ممکن ہوا'

لاش دسمبر میں برآمد کی گئی تھی تاہم اس کی خبر وائی ٹی این نیوز چینل کی جانب سے بدھ کے روز نشر کئے جانے کے بعد یہ کیس اجاگر ہوا۔

وائی ٹی این کا کہنا ہے کہ ادویات کے اسٹور کی مالک شو نے لاش کو محفوظ رکھنے کے لئے اپنی فارما سوٹیکل ٹریننگ کو استعمال کیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شو کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا ہے۔

تاہم پولیس اہلکار کا کہنا تھا کہ اس سے ممکنہ طور پر جرم کو نظر انداز کرنے کے الزامات پر اب بھی تحقیقات ہورہی ہیں ۔