کشمیر: ہندوستانی فوجی کی فائرنگ، پانچ ساتھی ہلاک
سری نگر: ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں ایک سپاہی نے فوجی کیمپ میں پانچ ساتھیوں کو ہلاک کرنے کے بعد خود کو گولی مار لی۔
ہندوستانی فوج کے ترجمان لیفٹیننٹ کرنل نریندر نہار جوشی نے جمعرات کے روز اے ایف پی کو بتایا کہ حواس باختہ سپاہی نے ضلع گاندربل کے ایک فوجی کمیپ میں فائرنگ کر کے پانچ فوجیوں کو ہلاک کرنے کے بعد خودکشی کر لی۔
انسدادِ شورش یونٹ میں شامل واقعہ کا ذمہ دار سپاہی سرینگر سے بیس کلو میٹر شمال میں گاؤں صفاپورہ میں تعینات تھا ۔
واقعہ کی تحقیقات جاری ہے اور حکام یہ جاننے کی کوشش کر رہے ہیں کہ آیا حملہ آور ذہنی دباؤ کا شکار تو نہیں تھا۔
خیال رہے کہ ماضی میں بھی متنازعہ ریاست کشمیر میں تعینات کئی ہندوستانی فوجی اور پولیس اہلکار اس طرح کے واقعات میں مارے جا چکے ہیں۔
انسدادِ شورش کے سخت آپریشن میں شریک سیکورٹی فورسز کے اہلکاروں کو اکثر و بیشتر طویل عرصے کے لیے چھٹیوں پر جانے سے روکا جاتا ہے۔
حالیہ کچھ سالوں میں ہندوستانی فوج نے اپنے عملے کو ذہنی دباؤ سے بچانے کے لیے ہیلپ لائن فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ یوگا ورزشیں بھی شروع کی تھیں۔