آرمی چیف اور وزیرِ خزانہ دفاعی بجٹ بڑھانے پر متفق
اسلام آباد: وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے پاک فوج کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے ملاقات کی اور آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ بارے تبادلہ خیال کیا۔ اس ملاقات میں پاکستانی فوج کی دفاعی ضروریات اور بجٹ پر بحث کی گئی۔
ذرائع کا کہناہے کہ آئندہ مالی سال کا دفاعی بجٹ سات سو ارب روپے سے زائد کا ہوسکتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیر خزانہ اور آرمی چیف کے درمیان ملاقات میں آئندہ مالی سال دفاعی بجٹ کی ضروریات پر تفصیلی بات چیت ہوئی ہے۔ وزارت خزانہ کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیر خزانہ نے آرمی چیف کو یقین دلایا کہ ملک کی سیکیورٹی کی صورتحال کے پیش نظر دفاعی بجٹ کیئے تمام ضروری وسائل فراہم کئے جائیں گے۔
رواں مالی سال میں 627ارب روپے دفاع کیلئے رکھے گئے تھے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق آئندہ مالی سال کے دفاعی بجٹ میں دس سے پندرہ فیصد اضافے کا امکان ہے اور آئندہ مالی سال دفاعی بجٹ کا حجم سات سو ارب روپے سے زائد ہو گا۔
پاکستان مسلم لیگ نون کی حکومت نے رواں مالی سال تمام وزارتوں کے بجٹ میں30فیصد کی کٹوتی کی تھی تاہم دفاعی بجٹ میں کٹوتی کی بجائے اضافہ کیا جائے گا۔
گزشتہ روز وزیر خزانہ نے آئندہ مالی سال کے بجٹ کی تیاری کیلئے گائیڈ لائنز جاری کرتے ہوئے کفایت شعاری کی پالیسی جاری رکھنے کا اعلان بھی کیا تھا۔