Dawn News Television

شائع 11 مارچ 2014 02:10pm

ڈیرہ اسماعیل خان: فائرنگ سے پولیو ٹیم کے دو محافظ ہلاک

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کے شہر ڈیرہ اسماعیل خان نامعلوم افراد کی فائرنگ سے انسدادِ پولیو ٹیم کی سیکیورٹی پر مامور دو پولیس اہلکار ہلاک ہوگئے ہیں۔

ڈان نیوز ٹی وی کے مطابق ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے گرہ احمد میں دو نوں پولیس اہلکار ڈیوٹی کے بعد گھر جارہے تھے جب نامعلوم افراد نے ان پر فائرنگ کردی۔

واقعہ کے بعد پولیس اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جبکہ ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی لاشوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت الیاس اور ادریس کے ناموں سے ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ پاکستان میں انسدادِ پولیو ٹیمیوں اور ان کی سیکیورٹی پر مامور اہلکاروں پر حملوں کا سلسلہ گزشتہ کئی سالوں سے جاری ہے جس کی وجہ سے ملک میں انسدادِ پولیو کی مہم متعدد بار متاثر ہوئی ہے۔

پاکستان دنیا کے ان تین ملکوں میں شامل ہے جہاں اس مہلک بیماری سے بچوں کی ایک بڑی تعداد متاثر ہے۔

اسی دوران نیشنل ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے فاٹا اور خیبرپختونخوامیں پولیو کے مریض سامنے آنے پرسخت تشویش کا اظہارکیا۔

وزیراعظم کا کہنا تھا ملک میں پولیو کےخاتمے کے لیے ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا ہوا ہے۔

وزیراعظم نے متعلقہ انتظامیہ کو ہدایت کی کہ پولیو کے خاتمے کےایکشن پلان پر عملدرآمد میں کوئی سمجھوتانہ کیا جائے۔

Read Comments