دنیا

نیویارک: عمارتیں دھماکے سے تباہ ، دو ہلاکتیں

مین ہیٹن میں گیس لیک ہونے سے دھماکے کے باعث دو رہائشی عمارتیں منہدم ہو گئیں۔

نیویارک: مین ہیٹن میں گیس لیک ہونے سے دھماکے کے باعث دو رہائشی عمارتیں منہدم ہو گئیں جس کے نتیجے میں دو عورتیں ہلاک اور بائیس افراد زخمی ہو گئے جبکہ متعدد لا پتہ ہیں۔

نیو یارک میئر ڈی بلاسیو نے بتایا کہ دھماکے کے نتیجے میں 2 عمارتیں تباہ ہو گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ دھماکا گیس لیک ہونے کی وجہ سے ہوا تھا، ڈی بلاسیو نے کہا کہ اس بدترین سانحے میں بہت سے لوگ ابھی تک لاپتہ ہیں۔

عینی شاہدین نے بتایا کہ دھماکا ورلڈ ٹریڈ سینٹر کے جڑواں ٹاور جیسا تھا اور ایک زلزلے کی طرح محسوس ہوا تھا۔

ڈی بلاسیو اور شہری حکام نے صحافیوں کو بتایا کہ پارک ایوینو کے 116 نمبر گلی میں واقع دونوں عمارتوں میں پندرہ اپارٹمنٹ تھے۔

حکام کے مطابق پبدرہ منٹ پہلے علاقے کے ایک رہائشی نے گیس فراہم کرنے والی کمپنی کو گیس کی بو کی شکایت کی تھی ۔جس پر گیس فراہم کرنے والی کمپنی نے اپنا عملہ روانہ کیا مگر ان کے پہنچنے سے پہلے ہی زوردار دھماکا ہوگیا۔

جس کے نتیجے میں آگ لگ گئی دھماکے کے بعد دھوئیں کے بادل دور دور تک دیکھے گئے جب کہ منہدم ہونے والی عمارتوں کا ملبہ بھی دھماکے کی شدت سے کافی دور تک گرا۔