Dawn News Television

شائع 01 اپريل 2014 09:53pm

عالمی ٹی ٹوئنٹی: پاکستان کو ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں شرمناک شکست

میرپور: ویسٹ انڈیز نے عالمی ٹی ٹوئنٹی کے ایک اہم میچ میں پاکستان کو یک طرفہ مقابلے کے بعد 84 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر سیمی فائنل میں جگہ بنالی ہے۔


براہ راست کوریج


میرپور کے شیر بنگلہ کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا۔

احمد شہزاد اننگ کی پہلی ہی گیند پر کرشمار سنتوکی کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے جبکہ پاور بلے کے اختتام تک کامران اکمل، عمر اکمل اور شعیب ملک سمیت پاکستان کے چار مستند بلے باز پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ اسکور صرف 13 رنز تھا۔

پاور پلے کے بعد بھی پاکستان رن ریٹ بڑھانے میں ناکام رہا اور پے در پے وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا۔

ویسٹ انڈیز کے اسپنرز نے پاکستانی بلے بازوں کے تیز کھیلنے کی ہر کوشش کو ناکام بنادیا۔ اس طرح پاکستانی ٹیم 82 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے سیموئل بدری تین، سنیل نارائن تین، اندرے رسل دو اور کرشمار سنتوکی دو کھلاڑی آؤٹ کرنے میں کامیاب رہے۔

اس سے قبل ویسٹ انڈیز کا آغاز بھی شاندار نہ تھا۔ ویسٹ انڈیز کے اوپنرز خاطر خواہ کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے اور جلد پویلین لوٹ گئے۔

بظاہر میچ پاکستان کے قابو میں لگ رہا تھا تاہم اختتامی پانچ اووروں میں ویسٹ انڈیز نے انتہائی جارحانہ کھیل پیش کیا اور پانچ اووروں میں 82 رنز بنا ڈالے اور اسکور کو 166 تک پہنچا دیا۔

پاکستان کی جانب سے محمد حفیظ، شاہد آفریدی، سہیل تنویر اور ذوالفقار بابر ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب رہے۔

ڈوئن براوو کو جارحانہ 46 اسکور کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

فتح کے ساتھ ویسٹ انڈیز کو سیمی فائنل تک رسائی مل گئی ہے جہاں اس کا مقابلہ سری لنکا سے ہوگا۔

Read Comments